فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 27 ستمبر کو اسلام آباد دھرنے کی کال پر ضلعی پولیس کے چھاپے’ کوئی بھی ارکان اسمبلی یا تنظیمی عہدیدار پکڑا نہ جا سکا جبکہ پولیس نے درجن کے قریب معمولی ورکرز کو حراست میں لیکر خانہ پُری کر دی۔ ذرائع کے مطابق ضلعی پولیس نے 27ستمبر کو اسلام آباد احتجاج ودھرنا کو روکنے کیلئے 400 سے زائد پاکستان تحریک انصاف کے ممبران اسمبلی’ تنظیمی عہدیداروں اور سرگرم کارکنوں کی فہرست تیار کر کے گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔ تاہم ضلعی پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی ورکروں کے گھروں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے درجن کے قریب پی ٹی آئی کے معمولی ورکروں کو گرفتار کر کے حوالات بند کر دیا۔ جبکہ سرگرم کارکنان اور تنظیمی عہدیداروں کو پکڑ نہ سکی اور پولیس کے چھاپوں کی اطلاع ملتے ہی پی ٹی آئی کے سرگرم کارکنان روپوش ہو گئے۔




