فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیرِ صدارت گھنٹہ گھر کے آٹھ بازاروں میں تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک کی روانی میں بہتری اور شہریوں کو پارکنگ کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارکنگ پلازوں کی تعمیر مکمل ہونے تک متبادل اور عارضی پارکنگ سائٹس تلاش کرکے شہریوں کیلئے پارکنگ کی سہولت فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گھنٹہ گھر کے آٹھ بازاروں میں تجاوزات کے مکمل خاتمے کیلئے جامع اور بھرپور آپریشن کیا جائے تاکہ بازاروں میں خریداری کیلئے آنے والے شہریوں کو آمدورفت اور خریداری میں سہولت میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے باعث سڑکوں اور بازاروں میں ٹریفک کا دبا ئوبڑھ رہا ہے لہذا تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور آپریشن کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کوتوالی روڈ سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے دستیاب جگہ کو پارکنگ کیلئے مختص کیا جائے اور فیصل آباد پارکنگ کمپنی فوری طور پر پارکنگ سائٹس کا انتظام سنبھالے۔ انہوں نے کہا کہ باقاعدہ پارکنگ کی سہولت سے شہریوں کو آسانی میسر آئے گی اور سڑکوں پر بے ہنگم پارکنگ کے باعث پیدا ہونے والے ٹریفک مسائل میں بھی کمی آئے گی۔محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے اور پارکنگ انتظامات کے حوالے سے تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ موثر حکمت عملی پر عملدرآمد یقینی بنائیں جبکہ بازاروں میں ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی سہولت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ)، اسسٹنٹ کمشنر سٹی، ٹریفک پولیس، فیصل آباد پارکنگ کمپنی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔




