فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر ایف ڈی اے کے زیرِ کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مار کیٹس میں تجاوزات کیخلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے گلفشاں کالونی جھنگ روڈ کے مختلف بازاروں میں قائم تجاوزات کا صفایا کرکے سڑکوں اور عوامی گزرگاہوں کو کلیئر کرا دیا۔ آپریشن کے دوران تجاوزات قائم کرنے کے لیے استعمال ہونے والا کاروباری سامان قبضہ میں لے لیا گیا جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب 21 دکانداروں کے چالان مرتب کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے متعلقہ افسران کو گلفشاں کالونی میں تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ ان کے احکامات پر ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ-I جنید حسن منج کی زیرِ نگرانی، اسٹیٹ آفیسر فاران ہاشمی کی سربراہی میں انفورسمنٹ انسپکٹر اسلم انصاری اور دیگر متعلقہ سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے گلفشاں کالونی کے مختلف بازاروں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انسپکشن کے دوران انکشاف ہوا کہ بعض دکانداروں، پھل فروشوں، فوڈ سٹالز، ناشتہ پوائنٹس اور دیگر کاروباری افراد نے اپنی دکانوں اور کاروباری مقامات کی مقررہ حدود سے باہر سامان، میزیں، کرسیاں، ٹھیلے اور دیگر اشیا رکھ کر سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر قبضہ کر رکھا تھا، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا تھا اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی تھی۔




