ٹورنٹو(شوبز نیوز)پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان 41سال کی عمر میں دوسری بار ماں بننے جا رہی ہیں، اس تجربے پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اس بار یہ تجربہ میرے لیے جسمانی اور جذباتی طور پر بالکل مختلف ہے۔اداکارہ نے ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کے موقع پر دیے گئے انٹرویو میں اپنے امید سے ہونے کی خوشخبری اور تجربات کے بارے میں بات کی۔ماہرہ خان نے بتایا ہے کہ مجھے 41سال کی عمر میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی، اس وقت میری زندگی پہلے ہی ایک خاص سمت میں آگے بڑھ رہی تھی، میرا بیٹا بڑا ہو چکا ہے، جبکہ میں اپنے کام، معمولات اور خودمختاری کے ساتھ زندگی گزار رہی ہوں۔اداکارہ نے کہا کہ اس مرحلے پر میں نے اپنی زندگی کے ایک مخصوص انداز کا تصور کر رکھا تھا، تاہم کئی برس بعد دوبارہ اس سفر کا آغاز میرے لیے ایک حقیقی جذباتی تبدیلی کا باعث بنا۔ماہرہ خان نے کہا ہے کہ انسان اپنی زندگی کے لیے بہت کچھ سوچتا اور منصوبہ بناتا ہے، لیکن پھر اللہ کی اپنی منصوبہ بندی ہوتی ہے اور یقینا اس کا منصوبہ سب سے برتر ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اس صورتِ حال نے مجھے یہ سیکھنے میں مدد دی ہے کہ ہر چیز کو اپنے قابو میں رکھنے یا ہر سوال کا جواب پہلے سے جاننے کی ضرورت نہیں، بعض اوقات زندگی کو حیران کرنے اور اللہ کی مرضی کے آگے خود کو سپرد کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔اپنے پہلی بار ماں بننے کا حوالہ دیتے ہوئے ماہرہ خان نے بتایا ہے کہ جب میں پہلی بار ماں بنی تھی تو میری عمر 24 سال تھی، جبکہ اب میں 41 سال کی ہوں اور جذباتی اور جسمانی طور پر ایک مختلف عورت ہوں۔اداکارہ نے کہا ہے کہ میں نے 24 سال کی عمر میں یہ تجربہ ایک خاص معصومیت کے ساتھ کیا تھا، صحت اچھی تھی اور میں ان تمام ممکنہ مشکلات کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتی تھی۔ماہرہ کے مطابق اس بار یہ صورتِ حال جسمانی طور پر زیادہ مشکل ثابت ہوئی ہے، بعض دنوں میں جسم مجھے وہ کام کرنے کی اجازت نہیں دیتا جو میرا ذہن کرنا چاہتا ہے، جبکہ میں ہمیشہ مصروف رہنے، کام کرنے، سفر کرنے اور بیک وقت کئی کام کرنے کی عادی رہی ہوں۔




