حالات کے ستائے نوجوان کی خودکشی،4شہریوں کیساتھ6کروڑ کا فراڈ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حالات کے ستائے نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی’ مقدمہ درج کروانے کیلئے محرر کو ایک ہزار رشوت دینے والا شہری حوالات بند’ چالاک ملزمان نے 4شہریوں کو کاروبار کا جھانسہ دیکر 6کروڑ ہتھیا لئے’ لڑائی جھگڑوں کے دوران گولیاں لگنے سے 3افراد لہولہان’ ملزمان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جڑانوالہ کے 27سالہ رشید ولد فرزند علی نے گھر والوں سے جھگڑ کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا، ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ تھانہ ائیرپورٹ کے سب انسپکٹر زوہیب نے بتایا کہ ملزم محمد شفیق سکنہ 32 ج ب نے مقدمہ درج کروانے کیلئے تھانہ آیا اور محرر زوار کو مبینہ طور پر ایک ہزار کا نوٹ دیا جس پر ملزم کو گرفتار کر کے حوالات بند کر دیا اور اس کے خلاف رشوت ستانی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا جبکہ چالاک ملزمان نے کاروبار کا جھانسہ دیکر چنیوٹ بازار کے اسد ضامن نے پولیس کو بتایا کہ اس کے واقف کار ملزمان عبدالحئی نے کاروبار میں منافع کا جھانسہ دیکر ایک کروڑ 20لاکھ اور عامر الیاس ایک کروڑ کی رقم لیکر رفوچکر ہو گئے۔ ستیانہ روڈ کے بلال یوسف نے بتایا کہ ملزم عمران نے کاروبار کیلئے 85لاکھ کی رقم ادھار لیکر ہڑپ کر لی’ پیپلزکالونی کے شہنشاہ خان کا کہنا ہے کہ اس کے جاننے والے ملزم ثاقب اور اسکی اہلیہ نے دو کروڑ 75لاکھ کی رقم لیکر واپس نہ کی، بدلے میں چیک دیا جو کہ جعلی نکلا۔ ستیانہ کے عدنان سے ملزم 20لاکھ کی رقم لیکر رفوچکر ہو گیا۔ علاوہ ازیں بٹالہ کالونی کے علاقہ کریم گارڈن میں معمولی جھگڑے پر مشتعل ملزمان نے عدنان جاوید کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا، جڑانوالہ کے علاقہ247گ ب میں عداوت کی بناء پر مسلح ملزمان شاہد وغیرہ نے مخالف قمر کو گولیاں مار دیں، 53گ ب میں پرانی دشمنی پر مسلح ملزمان فخر وغیرہ نے مخالف اکرم کو گولیاں مار کر لہولہان کر دیا، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، حملہ آور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں