ایس ٹی آئیز کی انٹرن شپ مدت میں توسیع

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب حکومت کے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سکول ٹیچنگ انٹرنز (STIs) کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے پہلے سے تعینات STIsکی انٹرن شپ جاری رکھنے کی منظوری دیدی ہے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق فیز-I اور فیز-II کے تحت پنجاب کے پرائمری، ایلیمنٹری، ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں منظور شدہ آسامیوں پر پہلے سے تعینات سکول ٹیچنگ انٹرنز کی انٹرن شپ 16 ستمبر 2026 سے 31 مئی 2027 تک جاری رہے گی۔ صوبہ بھر کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ متعلقہ اپائنٹنگ اتھارٹیز کے ذریعے ان STIs کو نئے معاہدے جاری کیے جائیں جن کی سابقہ انٹرن شپ کی مدت 31 مئی 2026 کو ختم ہوگئی تھی۔تاہم انٹرن شپ میں توسیع کے لیے چند شرائط بھی عائد کی گئی ہیں۔ ایسے STIs جن کے معاہدے کسی بھی وجہ سے ختم نہیں کیے گئے تھے اور جنہوں نے 31 مئی 2026 سے قبل اپنی STI پوسٹ سے استعفیٰ نہیں دیا یا عہدہ نہیں چھوڑا، وہ نظرثانی شدہ شرائط کے تحت انٹرن شپ جاری رکھنے کے اہل ہوں گے۔اہل سکول ٹیچنگ انٹرنز کو15 ہزار روپے ماہانہ پے معاوضہ دیا جائے گا، تاہم اس کے لیے معاہدے کی دیگر تمام شرائط پوری کرنا لازم ہوگا۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام متعلقہ افسران کو اس فیصلے پر فوری عملدرآمد اور نئے معاہدے جاری کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کردی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں