معاشی استحکام،صنعتی پیداوار اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں بڑا اضافہ

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان میں دو سال بعد براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔سٹیٹ بینک اور پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اگست 2026میں پاکستان میں 31کروڑ 60لاکھ ڈالر کی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی۔اگست میں فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ میں ماہانہ بنیاد پر 77فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 80فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ، جولائی اور اگست میں پاکستان میں مجموعی طور پر 50کروڑ ڈالر کی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی، جبکہ اس عرصے میں سرمایہ کاری میں 24فیصد اضافہ ہوا۔اعداد و شمار کے مطابق اگست میں چینی کمپنیوں نے 11کروڑ 30لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ سرفہرست رہیں۔کینیڈا کی کمپنیوں نے 5کروڑ ڈالر، متحدہ عرب امارات نے 4کروڑ 80لاکھ ڈالر، ہانگ کانگ نے 2کروڑ 40لاکھ ڈالر جبکہ سوئٹزرلینڈ کی کمپنیوں نے 1کروڑ 60لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔دریں ثناء ۔اسلام آباد (بیوروچیف) ملکی صنعتی شعبے سے حوصلہ افزا خبر سامنے آگئی، جولائی 2026کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ریسرچ رپورٹ کے مطابق جولائی میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں ماہانہ بنیاد پر 9.5فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 3فیصد اضافہ ہوا،جون 2026میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم جولائی میں صنعتی پیداوار میں نمایاں بہتری آئی۔ اعدادوشمار کے مطابق ٹوبیکو، فرنیچر، ملبوسات اور پیپر اینڈ بورڈ کی صنعتوں کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا،ٹوبیکو کی پیداوار میں ماہانہ بنیادپر 83فیصدجبکہ فرنیچر کی پیداوار میں 88فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،اسی طرح ملبوسات کی پیداوار میں 44فیصد اورپیپر اینڈ بورڈ کی پیداوار میں ماہانہ بنیاد پر 27.5فیصد اضافہ ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں