25ہزار ایس ٹی آئیز کی خدمات جاری رکھنے کی منظوری

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں پہلے سے تعینات25ہزار سکول ٹیچنگ انٹرنز (STIs) کی خدمات جاری رکھنے کی منظوری دے دی۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے 18 ستمبر 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پرائمری، ایلیمنٹری، ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں تعینات ایس ٹی آئیز کو سابقہ معاہدوں کی شرائط کے تحت دوبارہ انگیج کیا جائے گا۔ ایس ٹی آئیز کی خدمات 18 ستمبر 2026 سے 31 مئی 2027 تک جاری رہیں گی، جبکہ جن ایس ٹی آئیز کی سابقہ انٹرن شپ 31 مئی 2026 کو ختم ہوئی تھی، ان کے لیے متعلقہ تقرری اتھارٹیز کو نئے معاہدے جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نئے معاہدوں کی مدت 21 ستمبر 2026 سے 31 مئی 2027 مقرر کی گئی ہے۔محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کے مطابق دوبارہ تعیناتی کے دوران سابقہ معاہدے کی تمام شرائط برقرار رہیں گی، تاہم ایس ٹی آئیز کے ماہانہ وظیفے میں 3 ہزار روپے مستقل اضافہ کیا جائے گا۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ صرف وہ ایس ٹی آئیز دوبارہ انگیجمنٹ کے اہل ہوں گے جن کے معاہدے کسی وجہ سے ختم یا منسوخ نہ کیے گئے ہوں اور جنہوں نے 31 مئی 2026 سے قبل استعفی نہ دیا ہو یا ایس ٹی آئی کی پوسٹ خالی نہ کی ہو۔محکمہ تعلیم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ تمام اہل ایس ٹی آئیز سے نئے معاہدوں پر دستخط 21 اور 22 ستمبر 2026 کو دو ورکنگ دنوں کے اندر مکمل کروائے جائیں۔ مقررہ مدت میں معاہدے پر دستخط نہ کرنے کی صورت میں دوبارہ تعیناتی کا حق فوری طور پر ختم تصور کیا جائے گا۔حکومت پنجاب کے اس فیصلے کے تحت صوبے کے مختلف سرکاری سکولوں میں پہلے سے خدمات انجام دینے والے 25 ہزار ایس ٹی آئیز کو تدریسی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے دوبارہ موقع فراہم کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں