سرکاری سکولوں میں طلبہ کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانیکا حکم

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر )محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں طلبہ کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ہدایات جاری کر دی،ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن رانا عبدالقیوم خان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (DEAs) کو نئی ہدایات پر فوری عملدرآمد کا حکم دے دیا گیا ہے۔تمام طلبہ سے روزانہ کی بنیاد پر 10 منٹ کا مختصر ٹیسٹ لیا جائے گا تاکہ پڑھائے گئے اسباق کی فہم کو جانچا جا سکے۔ہر ماہ تمام طلبہ کا جامع امتحان لیا جائے گا جس سے تعلیمی پیشرفت اور لرننگ گیپس کی نشاندہی ہوگی،ہر طالب علم کی ماہانہ کارکردگی ایک رجسٹر میں درج کرنا لازمی ہوگا۔ یہ ریکارڈ باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھا جائے گا۔متعلقہ CEOs اپنے سپروائزری اسٹاف کے ذریعے ان سرگرمیوں کی موثر نگرانی کریں گے۔ سرکاری دوروں کے دوران یہ رجسٹر چیک کیے جائیں گے۔آن لائن اندراج: ہر طالب علم کے ماہانہ ٹیسٹ اور SBA کے نمبرز پورٹل ڈیٹابیس پر درج کرنا لازم ہوں گے تاکہ ہر بچے کی کارکردگی کو ٹریک کیا جا سکے۔ اسکول ہیڈز اس کے ذمہ دار ہوں گے جبکہ PECTAA تمام اسکولوں کو تکنیکی مدد فراہم کرے گا۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ سیکرٹری سکول ایجوکیشن کے دوروں کے دوران اسسمنٹ رجسٹر کو خصوصی طور پر چیک کیا جائے گا۔ اس سے ان ہدایات پر عملدرآمد اور طلبہ کی تعلیمی پیشرفت دونوں کو مانیٹر کیا جائے گا۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تعلیمی معیار کو یکساں بنانا اور ہر بچے کی لرننگ پر مسلسل نظر رکھنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں