مکوآنہ (نامہ نگار) مکوآنہ اور گردونواح میں گیس پریشر میں مسلسل کمی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گھریلو صارفین کے لیے کھانا پکانا محال ہو گیا، خواتین کو بالخصوص صبح اور شام کے اوقات میں شدید پریشانی کا سامنا ہے، جبکہ روزمرہ کے گھریلو امور بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام اور محکمہ سوئی گیس کے ذمہ داران سے فوری نوٹس لینے اور گیس پریشر کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مکوآنہ کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کے باعث شہریوں کی معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی فراہمی کے باوجود پریشر انتہائی کم ہونے کے باعث چولہے درست طریقے سے نہیں جلتے، جس سے کھانا پکانے اور دیگر گھریلو کاموں میں دشواری پیش آتی ہے۔ بالخصوص صبح کے اوقات میں بچوں کو سکول بھیجنے اور ملازمت پیشہ افراد کو وقت پر اپنے کاموں پر پہنچنے کے لیے تیاری کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق گیس پریشر میں کمی کے باعث گھریلو صارفین کو متبادل ذرائع استعمال کرنا پڑتے ہیں، جس سے ان کے اخراجات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کے بلوں کی باقاعدہ ادائیگی کے باوجود انہیں مطلوبہ پریشر میں گیس میسر نہیں آ رہی، جو ان کے لیے باعثِ تشویش ہے۔شہریوں نے اعلیٰ حکام، محکمہ سوئی گیس کے افسران اور متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مکوآنہ میں گیس پریشر کی کمی کا فوری نوٹس لیا جائے، مسئلے کی وجوہات کا تعین کرکے اسے مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے اور گھریلو صارفین کو بلاتعطل مناسب پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔




