سیاحت کسی بھی ملک کی معیشت’ ثقافت اور مثبت تشخص کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ پاکستان قدرتی حسن’ تاریخی مقامات’ مذہبی ورثے اور متنوع ثقافتی روایات سے مالامال ملک ہے، تاہم اس شعبے کی حقیقی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے مربوط حکمت عملی اور موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ سیاحوں کو محفوظ آرام دہ اور بہتر ماحول فراہم کرنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یوم سیاحت پر اپنے پیغام میں سیاحت کے پرعزم جذبہ رکھنے والوں کو سلام پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ نے انسان کو زمین پر چلنے پھرنے اور غوروفکر کی دعوت دی۔ سیاحت انسان کی فطری صلاحیتوں کو جلابخشتی اور فکروتدبر میں معاونت کرتی ہے۔ اﷲ تعالیٰ نے پاک سرزمین کو بے پناہ سیاحتی خوبصورتیوں سے نوازا ہے۔ پنجاب میں ٹورازم کا بے پناہ پوٹینشل ہے، سیاحت کے فروغ کیلئے ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں گے۔ قدرتی حسن سے مالامال پنجاب کے علاقے کسی ترقی یافتہ ملک سے کم نہیں، پنجاب کا تاریخی’ ثقافتی اور قدرتی ورثہ دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے باعث کشش ہے۔ پنجاب میں مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے پائیدار اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ قدیمی قلعے’ مذہبی مقامات’ دلکش وادیاں سیاحت کے لیے نہایت موزوں ہیں۔ مری گلاس ٹرین سیاحوں کے لیے نئی دلکشی پیدا کرے گی۔ مری مال روڈ سمیت دیگر روڈ کی تعمیر وتوسیع کی جا رہی ہے۔ کوٹلی ستیاں سیاحوں کے لیے نیا سیاحتی مقام بن کر ابھر رہا ہے جوکہ سیاحت کیلئے انتہائی سازگار ماحول بھی فراہم کر رہا ہے۔ پاکستان میں بے شمار ایسے مقامات ہیں جوکہ اﷲ رب العزت کی طرف سے پاکستان کو عطاء کئے گئے ہیں۔ سیاحت سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ٹورازم ڈویلپمنٹ سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر ابھرے گا۔ پاکستان کے خوبصورت چہرے کو دنیا بھر میں روشناس کرانا ہے۔ پنجاب کے تاریخی’ ثقافتی اور سیاحتی ورثے کو اجاگر کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سیاحت کے فروغ سے نئے روزگار پیدا ہونگے اور مقامی معیشت مضبوط ہو گی۔ پنجاب میں سیاحتی مقامات میں جدید سہولیات اور تعمیرنو سے دلکش بنا رہے ہیں۔ سیاحت پنجاب کی معیشت اور ثقافت کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔ سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ حکومت صحت کے شعبے پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافے کا قابل قدر رجحان دیکھا گیا ہے۔ بڑے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں 16فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈی میں 21فیصد’ آئی پی ڈی (داخلہ) 11 فیصد اور ایمرجنسی مریضوں میں 9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پنجاب کے بڑے ہسپتالوں مریضوں کی تعداد 4کروڑ 57لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔ حکومت بنیادی صحت کی ضروریات پر بھی توجہ دے رہی ہے۔ سیاحت کے فروغ کے لیے سڑکوں’ رہائش’ مواصلات’ صفائی اور بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ تاریخی اور تفریحی مقامات کی مناسب دیکھ بھال بھی ضروری ہے۔ مقامی آبادی کو سیاحتی سرگرمیوں سے جوڑ کر روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے جا سکتے ہیں جبکہ نجی شعبے کی حوصلہ افزائی سے ہوٹلنگ’ ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھائی جا سکتی ہے۔ بیرون ملک پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے مؤثر تشہیری مہم بھی ضروری ہے۔ ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ سیاحت کو معاشی ترقی اور روزگار کے ایک اہم شعبے کے طور پر فروغ دیا جائے حکومت تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے جامع سیاحتی پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائے اور سیاحتی مقامات پر بنیادی سہولیات’ سکیورٹی اور صفائی کے انتظامات بہتر کرے۔ مؤثر منصوبہ بندی سے پاکستان کا سیاحتی شعبہ ملکی معیشت کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔




