جیل ہسپتال میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کی کمی کو دور کیا جائے

سرگودھا ( بیورو چیف) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر احمد مغیث نے کہا ہے کہ قیدیوں کو انسانی بنیادوں پر صحت کی تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ جیل ہسپتال میں ضروری ادویات، طبی آلات اور دیگر سہولیات وافر مقدار میں دستیاب ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں قیدیوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے باقاعدگی سے میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جائے اور ماہر ڈاکٹرز کے وزٹس بھی یقینی بنائے جائیں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے جیل ہیلتھ کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ احمد مغیث نے ہدایت کی کہ جیل ہسپتال میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی کمی کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ قیدیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حتی الامکان مریض قیدیوں کو علاج کے لیے جیل سے باہر منتقل کرنے کے بجائے جیل ہسپتال میں ہی ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور صرف ناگزیر صورت میں انہیں دیگر ہسپتالوں میں ریفر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام قیدیوں کا باقاعدگی سے طبی معائینہ کیا جائے جبکہ ذہنی و نفسیاتی مسائل کا شکار قیدیوں کے لیے ماہر نفسیات کی خدمات بھی یقینی بنائی جائیں۔ ماہر ڈاکٹرز اور کنسلٹنٹس اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق جیل کا باقاعدگی سے دورہ کریں اور ضرورت مند قیدیوں کا معائینہ کرکے انہیں مناسب علاج اور طبی رہنمائی فراہم کریں۔ اے ڈی سی ہیڈ کوارٹر نے مزید کہا کہ جیل میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔ قیدیوں کو علاج معالجے، ادویات اور تشخیصی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس کے دوران جیل میں طبی سہولیات کی دستیابی، ادویات کے ذخیرے، ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف کی صورتحال اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔اجلاس میں سی او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف نبیل اعظم، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر سہیل خواجہ، ڈی ایس اوز، جیل حکام اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں