مری(نامہ نگار) مری میں سکول وین میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے کے فوری بعد مری پولیس اور سٹی ٹریفک پولیس نے پبلک ٹرانسپورٹ کے حفاظتی معیار اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او)مری ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او)مری کو ٹریفک انفورسمنٹ بڑھانے جبکہ ضلعی پولیس اور سٹی ٹریفک پولیس کو مشترکہ طور پر بھرپور کریک ڈائون شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ڈی پی او مری نے سکول وین حادثے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گاڑی میں آتشزدگی کے باعث 25 فیصد سے زائد جھلسنے والے 4 بچوں کو فوری طور پر راولپنڈی کے اسپتالوں میں ریفر کیا گیا ہے جبکہ دو بچے معجزانہ طور پر محفوظ رہے اور دیگر بچے معمولی جھلسے ہیں۔ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے کہا کہ مری ٹریفک پولیس کی جانب سے اگست اور ستمبر کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 10,808 گاڑیوں کے خلاف 11,092 چالان کیے گئے اور مجموعی طور پر 1 کروڑ 58 لاکھ 77 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔




