فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات میں دو افراد لقمہ اجل بن گئے، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ تفصیل کے مطابق 124 رب کا رہائشی 46سالہ سجاد ولد محمود موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ جب وہ پروپیان لاداں پھاٹک کے قریب پہنچے تو دودھ والے مزدا کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی تو سجاد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا جبکہ نشاط آباد کے علاقہ سٹی ہائوسنگ کے قریب تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار امانت علی ولد فتح محمد سکنہ 45 ج ب بری طرح زخمی ہو گیا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثات کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔دریں ثناء ۔ چنیوٹ(نامہ نگار)ضلع چنیوٹ میں مختلف مقامات پر پیش آنیوالے دو الگ الگ سڑک حادثات کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق ہو گئے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق، پہلا حادثہ فیصل آباد روڈ پر چک نمبر 128کے قریب پیش آیا، جہاں سڑک کنارے ایک تقریبا 50 سالہ نامعلوم شخص شدید چوٹوں کے باعث تشویشناک حالت میں پایا گیا، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ چکا تھا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور شناخت کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (DHQ) ہسپتال منتقل کر دیا۔دوسرا حادثہ لاہور روڈ پر ٹھٹھہ گلوتراں کے قریب پیش آیا، جہاں ایک اور شخص سڑک پر شدید زخمی اور مردہ حالت میں پایا گیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جاں بحق شخص کی شناخت 70 سالہ سرفراز ولد محمد سردار (سکنہ موضع کولیاں)کے نام سے کی، جس کے بعد لاش کو ضروری ضابطے کی کارروائی مکمل کر کے ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ انتظامیہ اور پولیس کے مطابق دونوں حادثات کی اصل وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، کیونکہ دونوں افراد سڑک پر پراسرار طور پر شدید زخمی اور مردہ حالت میں ملے تھے، جس پر پولیس نے واقعات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔




