فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI)کی نائب صدر محترمہ قرة العین نے کہا ہے کہ فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FWCCI) خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق اپنے مختلف منصوبوں اور اقداما ت کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کے لیے بورڈ آف مینجمنٹ (BOM) تشکیل دے گا۔ انہوں نے یہ بات 29 ستمبر 2026ء کو ایف سی سی آئی بورڈ روم میں منعقدہ فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سالانہ اجلاس عام (AGM) سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ 2017ء میں قیام کے بعد فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے قابلِ تحسین رفتار سے ترقی کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2021ء میں پاکستان میں پہلی مرتبہ ویمن بزنس انکیوبیشن سنٹر (BIC) قائم کیا گیا، جسے 2023ء میں ویمن ریسورس سنٹر کے طور پر اپ گریڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی تیار کردہ مختلف مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک رسائی دلانے کے لیے 2024ء میں پہلی مرتبہ پاکستان ویمن ایکسپورٹ فسیلیٹیشن سنٹر (PWEFC) قائم کیا گیا، جو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کام کر رہا ہے۔محترمہ قرة العین نے کہا کہ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (FIEDMC) میں کاروباری خواتین کیلئے 100 ایکڑ اراضی پر ویمن انٹرپرینیورز انکلیو کے حصول کی کوششیں کی گئی ہیں، تاہم یہ عمل ابھی جاری ہے۔ اسی طرح FIEDMC میں دو ایکڑ اراضی حاصل کرنے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے تاکہ وہاں پاکستان ویمن ایکسپورٹ فسیلیٹیشن سنٹر اور فیصل آباد ویمن چیمبر کی عمارت تعمیر کی جا سکے۔انہوں نے اعلان کیا کہ فیصل آباد ویمن چیمبر کے مختلف زیرِ تکمیل اور آئندہ کے منصوبوں اور اقدامات کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے بورڈ آف مینجمنٹ (BOM) تشکیل دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے، جس کی ایوان نے منظوری دے دی۔




