جڑانوالہ کو مثالی بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا

جڑانوالہ(نامہ نگار) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے تحصیل جڑانوالہ کا تفصیلی دورہ کیا۔وہ جناح پارک میں گئے اور تفریحی سہولیات کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ کو پارک میں معیاری کینٹین بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پارک کو مزید با سہولت بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے میونسپل کمیٹی آفس میں تحصیل کے تمام سٹیک ہولڈرز سے ملاقات کی۔ارکان اسمبلی بلال بدر چوہدری،خان بہا در ڈوگر کے علاوہ تحصیل امن کمیٹی کے ارکان،مسلم لیگی رہنما،تاجر،بار ایسوسی ایشن،میڈیا اور سول سوسائٹی کے افراد بھی موجود تھے۔کمشنر نے کہا کہ تحصیل جڑانوالہ کو ترقی کے لحاظ سے مثالی بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے پنجاب سٹیز پروگرام،پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری عوامی بہبود کے منصوبوں پر پیشرفت لی اور تعمیراتی کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں طبی سہولیات میں وسعت لانے کے لئے اقدامات کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی اور کہا کہ ہسپتال میں درکار طبی مشینیری کے ساتھ ڈاکٹرز کی کمی کو بھی پورا کیا جائے گا۔انہوں نے جڑانوالہ میں ڈی پی ایس کی اپ گریڈیشن کی بھی نوید سنائی اور کہا کہ ڈی پی ایس کو یونیورسٹی کا درجہ دلایا جائے گا تاکہ طالب علموں کو اسی سطح پر ہائر ایجوکیشن کی سہولت دستیاب ہو۔انہوں نے گنگا پور میں گھوڑا ٹرین کی بحالی کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور تجاویز سے تحصیل جڑانوالہ کے لئے روڈ میپ تیار کیا جارہا ہے جس کو ٹائم لائینز کے مطابق مکمل کرایا جائے گا۔کمشنر نے تحصیل میونسپل کمیٹی کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا جبکہ پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی سائٹ کا دورہ کیا اور کہا کہ پراجیکٹ کی تکمیل سے جڑانوالہ میں سیوریج کا مسئلہ مستقل بنیادوں کر حل ہوگا۔انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا دورہ کیا اور وارڈز میں جاکر زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔انہوں نے مریضوں اور لواحقین سے ادویات ہسپتال سے ملنے کی تصدیق بھی کی۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک پہنچنے میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے جڑانوالہ میں بھی پارک اپنائیں پروگرام کے تحت ایک پارک فوری طور پر آڈاپ کرانے کے لئے ٹاسک دیا اور شہری خوبصورتی کے لئے مزید اقدامات کی بھی ہدایت کی۔کمشنر نے گنگا پور کا بھی دورہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں