فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیرِ صدارت اجلاس میں کینال روڈ کی خوبصورتی میں اضافے اور شہریوں کو بہترین تفریحی و صحت مند سرگرمیوں کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بیوٹیفکیشن اور واکنگ ٹریک کی تیاری کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں جھال پل سے گٹ والا تک کینال کے اطراف خوبصور ت آرچز، یادگاری مونومنٹس، فلوٹنگ ڈیکس، جدید لائٹنگ اور شجرکاری سمیت مختلف تزئین وآرائش کے اقدامات کرنے کا جائزہ لیا گیا جبکہ ڈی ٹائپ چوک سے جھال پل تک واکنگ ٹریک تعمیر کرنے کا منصوبہ بھی زیرِ غور آیا۔واکنگ ٹریک کے ساتھ بینچز، کوڑا دان اور رہنمائی کے لئے ڈائریکشن بورڈز نصب کئے جائیں گے تاکہ شہریوں کو چہل قدمی اور صحت مند سرگرمیوں کے لئے بہتر سہولیات میسر آئیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ کینال روڈ کی خوبصورتی میں اضافے اور شہریوں کو صاف ستھرا، خوشگوار اور دلکش ماحول فراہم کرنے کے لئے مربوط منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ منصوبوں کی تکمیل سے شہر کے حسن میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو تفریحی و صحت مند سرگرمیوں کے لئے بہتر ماحول میسر آئے گا۔




