واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ ہفتے جون کے بعد سب سے بڑی ہفتہ وار گراوٹ کے باوجود سونے کی قیمت میں استحکام دیکھا گیا، جبکہ سرمایہ کار امریکی روزگارکے تازہ اعداد و شمار اور فیڈرل ریزرو کی آئندہ شرحِ سود کی پالیسی پر غور کررہے ہیں۔بلومبرگ کے مطابق سونے کی قیمت تقریبا 4,140 ڈالر فی اونس کے قریب رہی، قیمتی دھات کی قیمت میں گزشتہ ہفتے 3.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔امریکا میں ستمبر کے دوران نان فارم پے رولز میں صرف 29 ہزار کا اضافہ ہوا، جو بلومبرگ کے سروے میں شامل ماہرینِ معیشت کی تمام پیش گوئیوں سے کم تھا۔روزگار کے کمزور اعداد و شمار نے اس توقع کو تقویت دی ہے کہ فیڈرل ریزرو کو مہنگائی پر قابو پانے کے لیے شرحِ سود میں تیزی سے اضافے کی ضرورت شاید کم ہو۔سرمایہ کار اب امریکی روزگار کی صورتحال اور بانڈ ییلڈز پر نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ فیڈرل ریزرو کے آئندہ شرحِ سود سے متعلق فیصلوں کی سمت کا اندازہ لگایا جاسکے۔شرحِ سود میں تبدیلیاں سونے کی طلب پر اثر انداز ہوسکتی ہیں، کیونکہ بلند شرحِ سود عموما ایسے اثاثوں کی کشش کم کرتی ہے جو باقاعدہ منافع یا سود ادا نہیں کرتے۔سونے کی قیمت میں گزشتہ ہفتے نمایاں کمی کے بعد موجودہ استحکام کو مارکیٹ کی جانب سے تازہ معاشی اعداد و شمار کے جائزے کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔




