محترمہ مریم نواز شریف کی اعلیٰ کارکردگی کا اعتراف (اداریہ)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے منصوبے ”اپنی چھت اپنا گھر” کا عالمی ایوارڈ جیتنا پنجاب حکومت کی ایک اہم کامیابی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے جدوجہد کا اعتراف ہے۔ کسی بھی حکومتی منصوبے کی اصل کامیابی صرف اس کے اعلان’ بجٹ یا تشہیر سے نہیں بلکہ اس بات سے جانچی جاتی ہے کہ اس کے ثمرات عام آدمی تک کس حد تک پہنچے ہیں۔ گھر ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے اور اپنے گھر کی خواہش متوسط اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے زندگی کی ترجیحات میں شامل ہوتی ہے۔ ایسے میں کم آمدنی والے افراد کو اپنے گھر کی تعمیر کے لیے مالی معاونت فراہم کرنا بلاشبہ ایک اہم اقدام ہے۔ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی’ مہنگائی’ محدود آمدنی اور تعمیراتی اخراجات میں اضافے کے باعث گھر نہیں بنا پاتے۔ ”اپنی چھت اپنا گھر” اسی بنیادی مسئلے کا عملی حل پیش کرتا ہے۔ اس منصوبے نے گھر کی تعمیر کو سماجی تحفظ اور معاشی استحکام سے جوڑا ہے۔ اپنی چھت ملنے سے خاندان کے اخراجات کم’ بچوں کے لیے ماحول بہتر اور مستقبل کے حوالے سے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کے سر پر ایک اور تاج سجا دیا ہے۔ ”اپنی چھت، اپنا گھر” پراجیکٹ نے ایک اور عالمی ایوارڈ جیت لیا۔ وزیراعلیٰ نے یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ ”اپنی چھت اپنا گھر” سے مکان بنانے والوں کے نام کر دیا۔ دنیا بھر سے صرف پانچ ممالک کو یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ دیا گیا۔ مریم نواز نے یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ وصول کیا تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ اقوام متحدہ کے ہیومن سیٹلمنٹ پروگرام سے متعلق اعلیٰ ترین بین الاقوامی اعزاز ہے۔ اقوام متحدہ کا یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ مختلف افراد’ شہروں’ سرکاری اور نجی اداروں اور ریسرچ انسٹیٹیوٹس کو غیر معمولی کارکردگی پر دیا جاتا ہے۔ ایوارڈ کے لیے سستی اور مناسب رہائشگاہ’ پائیدار اربن ڈویلپمنٹ’ بنیادی شہری سہولتوں میں بہتری’ بہتر اربن ڈویلپمنٹ اور تعمیر نو’ قدرتی آفات کے بحالی کے اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔ 19سال کے بعد پنجاب کا اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ دنیا بھر کے 150 سے زائد پراجیکٹس میں سرفہرست ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی صوبے کے ہائوسنگ پراجیکٹ کو عالمی سطح پر پذیرائی اور ایوارڈ ملا ہے۔ ورلڈ بیسٹ لوکاسٹ ہائوسنگ پراجیکٹ ”اپنی چھت اپنا گھر” دنیا میں پنجاب ہی نہیں بلکہ پاکستان کی پہچان بن چکا ہے۔ عالمی یوم رہائش پر خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بتایا کہ ”اپنی چھت اپنا گھر” پراجیکٹ کو ایک بار پھر عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ پنجاب حکومت کے ”اپنی چھت اپنا گھر” پراجیکٹ کو یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ عالمی یوم رہائش پر پنجاب کو خصوصی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بتایا کہ 19 سال کے بعد پنجاب ایک مرتبہ پھر یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ میں سرفہرست آیا۔ ”اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت 5سال میں 5لاکھ گھر بنانے کا ہدف پورا کریں گے۔ ”اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام عام آدمی کے اپنے گھر کے خواب کی تکمیل کی جانب اہم اقدام ہے۔ اس بات پر بھی خاص توجہ دینی چاہیے کہ حکومت کو تعمیراتی معیار پر بھی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔ سامان نقشے’ بنیادی سہولیات اور سلامتی کے تقاضوں کی نگرانی ضروری ہے۔ اسی طرح گھروں کو پانی’ بجلی’ گیس’ سیوریج’ سڑک اور دیگر سہولیات سے منسلک کرنا بھی لازم ہے۔ کیونکہ صرف مکان بنا دینا کافی نہیں، قابل رہائش ماحول فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔ اصل امتحان یہ ہے کہ عالمی اعزاز کے بعد بھی منصوبے کے فوائد مستقل بنیادوں پر عام شہری تک پہنچتے رہیں۔ ایک غریب خاندان کیلئے اپنے گھر کی تعمیر مکمل ہونا کسی بھی ایوارڈ سے بڑا ایوارڈ ہے۔ ضرورت ہے کہ ”اپنی چھت اپنا گھر” کو سیاسی نعروں سے بالاتر ایک مستقل عوامی پالیسی بنایا جائے۔ اس کا دائرہ وسیع کیا جائے اور ادارہ جاتی تسلسل برقرار رکھا جائے۔ بلاشبہ یہ عالمی اعزاز پنجاب کیلئے قابل فخر لمحہ ہے، مگر حقیقی کامیابی تب ہو گی جب معاشرے کے کمزور ترین افراد بھی اس سے مستفید ہوں۔ اگر ایک غریب خاندان اپنی دہلیز پر کھڑے ہو کر کہہ سکے کہ یہ چھت میری اپنی ہے، تو یہی اس منصوبے کا سب سے معتبر عالمی ایوارڈ ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں