کراچی(بیوروچیف) آبنائے ہرمز کے راستے توانائی کی ترسیل میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے پیشِ نظر حکومت نے اکتوبر کے دوران قطر سے ایل این جی کے 3 کارگو حاصل کرنے کا اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت ایل این جی کارگوز کی محفوظ اور بلاتعطل گزرگاہ کو یقینی بنانے کیلئے ایرانی حکام سے رابطہ کرنے کی تیاری بھی کر رہی ہے تاکہ سمندری راستے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ سے بچا جا سکے۔یہ اہم پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب قطر انرجی نے پاکستان کو ایل این جی کی فراہمی پر فورس میجور کی مدت میں 4نومبر تک توسیع کر دی ہے۔دوسری جانب حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ توانائی کا یہ تعطل آنے والے موسمِ سرما کے دوران بھی برقرار رہ سکتا ہے۔




