قوموں کی ترقی میں اساتذہ کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے

فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر) ناظم اعلی مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی اور خالد محمود اعظم آبادی نے یوم اساتذہ کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ معاشرے کی اصلاح اور قوموں کی تعمیر وترقی میں اساتذہ کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے ۔ اساتذہ نہ صرف علم کے علمبردار بلکہ معاشرے کی فکری ، اخلاقی اور روحانی تربیت کے معمار ہوتے ہیں ۔ ان کی محنت اخلاص اور محبت ہی وہ سرمایہ ہے جو قوموں کی زندگی بدل دیتا ہے ۔ آج کے پر فتن دور میں اساتذہ کی خدمات بالخصوص دینی مدارس کے اساتذہ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں جنہوں نے مشکلات اور تھوڑے معاوضے کے باوجود قوم کے نونہالوں کو علم و کردار اور زندگی کے حسن اخلاق سے آراستہ کیا ۔ یعنی اساتذہ اس معاشرے کا وہ طبقہ ہے جو خود جل کر دوسروں کے لیے روشنی پیدا کرتے ہیں ۔ والدین معاشرے میں ہمارے دنیا میں آنے کا سبب بنتے ہیں تو استاتذہ ایک انسان کو اٹھا کر آسمان کی بلندیوں تک پہنچانے کا ذریعہ ہیں ۔ مگر افسوس کہ ہمارے معاشرے میں ایک استاد ۔ معلم کو حقارت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے ۔ غیر ممالک میں ایک استاذ کو سب سے بڑھ کر درجہ دیا جاتا ہے لیکن پاکستان میں صرف ٹیچر ڈے منا کر انہیں ایک دن کے لیے عزت دے کر ہم اپنی جان چھڑا لیتے ہیں ۔ جبکہ ایک استاد کی عزت و احترام تو ہم پوری زندگی ادا نہیں کر سکتے ۔ جس انسان سے ہم نے حاصل کیا ، کوئی ہنر سیکھا ، آگے بڑھنے کا راستہ پایا یا پھر زندگی کا کوئی سبق سیکھا وہ ہمارے لیے استاد کا درجہ رکھتا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں