اسلام آباد (شوبز نیوز) معروف مصنفہ و ہدایت کارہ عاصمہ بٹ کی نئی اسٹیج پیشکش امیر خسرو نے شائقین کے دل جیت لیے۔ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں ڈولفن کمیونیکیشنز کے زیر اہتمام پیش کیے جانے والے اسٹیج ڈرامے کو حاضرین نے بے حد سراہا اور اختتام پر کھڑے ہو کر دیر تک تالیاں بجا کر فنکاروں کو بھرپور داد دی۔عاصمہ بٹ کی ہدایت کاری میں پیش کیے گئے اسٹیج ڈرامے حضرت امیر خسرو نے آغاز ہی سے شائقین کو اپنی جانب متوجہ کیے رکھا۔ عمدہ اداکاری، موثر مکالموں اور منفرد اسٹیج پیشکش پر حاضرین نے بھرپور پذیرائی کا اظہار کیا۔تاریخی کرداروں اور برصغیر کے عظیم صوفی و ادبی ورثے کو اسٹیج پر اجاگر کرنے والی عاصمہ بٹ نے اپنی نئی پیشکش کے ذریعے حضرت امیر خسرو کی شخصیت، فکر اور فن کو منفرد انداز میں پیش کیا۔




