فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سمندری روڈ پر سلونی جھال کے قریب ٹریفک کے المناک حادثہ میں میاں بیوی سمیت 3 افراد جاں بحق’ ایک ہی خاندان کے 11افراد بری طرح زخمی ہو گئے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 اور پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے، ریسکیو ٹیم نے نعشیں پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 135 گ ب کے ایک ہی خاندان کے رہائشی لوڈر رکشہ BEJ-9182 پر سوار ہو کر شیخوپورہ جانے کیلئے سلونی جھال جا رہے تھے کہ جب وہ سلونی جھال اڈا پر پہنچے تو تیمور ٹریول کی تیز رفتار کوسٹر LES-220 نے سڑک کنارے کھڑے رکشہ کو ٹکر مار دی اور اس میں سوار 55سالہ شوکت علی’ اسکی 50سالہ اہلیہ مقصوداں بی بی’ 45سالہ خالد محمود ولد یوسف’ 43سالہ لبنیٰ زوجہ خالد ‘ 11سالہ اذان ولد خالد ساکنان شیخوپورہ’ 8سالہ ہادیہ دختر عدنان’ 25سالہ عدنان ولد رشید’ 40سالہ شازیہ زوجہ خالد’ 7سالہ سبحان ولد خالد’ 10 سالہ فرحان ولد خالد’ 22سالہ عاطف ولد خالد’ 28سالہ مصباح زوجہ عدنان’ 8سالہ معظم ولد عدنان’ 2سال کی خدیجہ دختر عدنان ساکنان چک نمبر 135 گ ب بری طرح زخمی ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں تو 55 سالہ شوکت علی’ اسکی 50سالہ اہلیہ مقصوداں بی بی اور 8سالہ ہادیہ دختر عدنان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکی تھیں جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچایا جہاں پر دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جبکہ حادثہ کا مرتکب بس ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے حادثہ کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔




