فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان میں سالانہ فی کس انڈوں کا استعمال تقریباً 100 ہے جبکہ ترقی یافتہ ممالک میں یہ تعداد 300 ہے۔ غذائی قلت، بالخصوص پروٹین کی کمی پر قابو پانے کے لیے انڈوں کو روزمرہ خوراک کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز کے زیر اہتمام عالمی ایگ ڈے پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔ اس موقع پر ویٹرنری میڈیکل سوسائٹی کی جانب سے انڈوں کی ڈشز کے سٹال سجائے گئے تھے۔ فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود نے کہا کہ انڈہ اعلیٰ غذائیت کا حامل ہے۔ انڈے میں 13 ضرور ی غذائی اجزا پائے جاتے ہیں جو دماغی نشوونما، جسمانی پٹھوں کی مضبوطی اور عمر رسیدہ افراد کی ہڈیوں کی صحت برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے پولٹری کے شعبے کو ملکی معیشت کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے انڈوں کے استعمال میں اضافے پر زور دیا۔ شعبہ پیتھالوجی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر کاشف سلیمی نے کہا کہ انڈہ پروٹین، وٹامنز اور معدنیات کے حصول کا ایک سستا، آسانی سے دستیاب اور مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذائیت کی کمی اور عوامی صحت کو بہتر بنانے کیلئے انڈوں کا استعمال روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنائیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد ڈاکٹر روبینہ نے صحت عامہ کیلئے انڈوں کی اہمیت اجاگر کی۔




