فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بلوچنی کے علاقہ اڈا جوہل میں محنت کش کو قتل کرنے والا اس کا دوست نکلا’ پولیس نے قاتل کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کر لیا۔ تفتیش کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے رہائشی بلال نے بتایا کہ اس کا بھائی کاشف نواز اور گائوں کا عماد نواز بیکس ایمپکس ملز اڈا جوہل میں اکٹھے کام کرتے اور ایک ہی کوارٹر میں رہتے تھے۔ 6اکتوبر سے اس کے بھائی کا فون بند مل رہا تھا اور عماد بھی چھٹی لیکر گائوں آیا ہوا تھا۔ تاہم وہ بھائی کی تلاش میں فیصل آباد آیا اور اس کے روم میٹ سے پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل عماد نواز نے اس کے بھائی کاشف کا اے ٹی ایم کارڈ چوری کر کے بنک سے رقم نکلوائی تھی جس پر ان میں جھگڑا بھی ہوا تھا اور چھٹی جانے سے پہلے عماد اور کاشف اکٹھے ملز کے عقب میں گئے جبکہ واپس عماد اکیلا ہی آیا تھا پھر وہ گائوں چلا گیا تو وہ بھائی کی تلاش میں نکلے تو اس کے بھائی کی کھوپڑی نظر آئی اور جسم کو گڑھا کھود کر دفن کر دیا تھا۔ تاہم ایس ایچ او تھانہ بلوچنی محسن عباس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملزم عماد نواز کو حراست میں لیکر بازپرس کی تو اس نے اعتراف جرم کر لیا اور بتایا کہ رقم چوری کرنے پر تلخ کلامی ہوئی تھی جس پر اس نے کاشف کو چھری سے قتل کر دیا اور حقائق چھپانے کیلئے نعش گڑھا کھود کر دفن کر دیا تھا۔ پولیس نے قاتل عماد نواز کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر کے شامل تفتیش کر لیا۔




