محکمانہ امور میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی،کمشنر

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ڈویژن بھر کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور شفافیت، میرٹ اور جواب دہی کے اصولوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔وہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں سے ملاقات کررہے تھے۔کمشنر نے درخواست گزاروں کے انفرادی و اجتماعی مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے اور محکمانہ امور کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے شہریوں کے محکمہ مال، ہیلتھ، ایجوکیشن، واسا، ہارٹیکلچر ایجنسی ودیگر محکموں سے متعلقہ مسائل/شکایات سن کر داد رسی کے لئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لئے دفاتر کے غیر ضروری چکر نہیں لگانے چاہئیں اور تمام درخواستوں پر میرٹ کے مطابق بروقت کارروائی ہونی چاہیے۔ محکمانہ امور میں غفلت، بددیانتی یا کام چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے ملازمین سے سخت باز پرس ہوگی۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ شعبوں میں عملے کی کارکردگی کی کڑی نگرانی کریں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ ہر کام مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل ہو۔کمشنر نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کی براہ راست شنوائی کا مقصد ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا اور ان کے حل کے لئے مثر اقدامات یقینی بنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں