اسٹاک ہوم /سویڈن (مانیٹرنگ ڈیسک) ایک تحقیق کے مطابق چائے پینے والے افراد میں چائے نہ پینے والوں کے مقابلے میں خون کی شریانوں کی بیماریوں کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ جرنل آف انٹرنل میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق میں شامل چین کے 4لاکھ 85ہزار 934بالغ افراد کا اوسطاً 9.05سال تک جائزہ لیا گیا۔ اس عرصے کے دوران دل کی بیماریوں، دماغی و شریانی امراض، پھیپھڑوں سے متعلق دل کی بیماری اور ہاتھ پاں کی شریانوں کی بیماری کے مجموعی طور پر 14ہزار 863کیسز سامنے آئے۔نتائج کے مطابق باقاعدگی سے چائے پینے کا تعلق ان بیماریوں کے مجموعی خطرے میں 11فی صد کمی سے تھا۔ ہفتہ وار چائے پینے والے افراد میں خطرے کی سب سے کم شرح روزانہ تقریباً 6سے 8کپ چائے پینے کی مقدار پر دیکھی گئی۔تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ بلیک ٹی کا خون کی شریانوں کی بیماریوں کے کم خطرے سے تعلق سبز چائے کے مقابلے میں زیادہ مستقل تھا۔چائے کی مقدار یا اس کی تیزی کے حوالے سے معتدل طاقت والی چائے پینے والوں میں خطرہ سب سے کم پایا گیا۔ جبکہ انتہائی گرم، یعنی منہ جلانے والی چائے پینے کا تعلق خون کی شریانوں کی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے خطرے سے سامنے آیا۔تحقیق کے مصنفین کے مطابق چائے پینے کی عادت، سگریٹ نوشی کی صورتِ حال اور جسمانی سرگرمیوں کا بھی مجموعی طور پر شریانوں کی صحت سے تعلق پایا گیا۔ان عوامل میں چائے باقاعدگی سے پینا، موجودہ دور میں سگریٹ نوشی نہ کرنا اور زیادہ جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لینا شامل تھا۔ ان تینوں عادات کو اپنانے والے افراد میں خون کی شریانوں کی بیماریوں کا خطرہ سب سے کم دیکھا گیا۔




