فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت ضلع بھر میں تجاوزا ت کے خاتمے، بازاروں کی بحالی اور پارکنگ کے مسائل کے حل کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ مراد حسین نیکو کارہ، اسسٹنٹ کمشنر صدر فیصل شہزاد، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان غنی سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے شہر کے آٹھ بازاروں سمیت ماموں کانجن، سمندری، جڑانوالہ، چک جھمرہ، کھرڑیانوالہ، تاندلیانوالہ اور ڈجکوٹ میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں اور اہم شاہراہوں سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے شہریوں کی آمدورفت میں آسانی پیدا کی جائے اور ریڑھی بازاروں کو مناسب مقامات پر منظم انداز میں قائم کیا جائے تاکہ تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر نہ ہوں اور شہریوں کو بھی سہولت میسر آئے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت کارروائیاں کی جائیں اور بازاروں کو صاف ستھرا، منظم اور شہریوں کے لئے آسان رسائی کا حامل بنایا جائے۔




