تعلیم کسی بھی قوم کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے، لیکن ڈیجیٹل دور میں معیاری تعلیم کے مواقع صرف نصابی کتابوں اور روایتی کلاس رومز تک محدود نہیں رہے۔ آن لائن تعلیمی مواد، ڈیجیٹل لائبریریوں، تحقیقی ذرائع اور جدید تدریسی سہولتوں تک رسائی بھی تعلیمی ترقی کے لیے ضروری ہو چکی ہے۔ پاکستان میں بہت سے ذہین اور محنتی طلبہ وسائل کی کمی کے باعث ان سہولتوں سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھا پاتے۔ وزیراعظم یوتھ کروم بک اسکیم اسی فرق کو کم کرنے اور نوجوان نسل کو جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تعاون سے اس اسکیم کو آگے بڑھا رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت تین سال کے عرصے میں پانچ لاکھ ری فربشڈ کروم بکس فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔یہ آلات طلبہ کو ڈیجیٹل تعلیم، آن لائن مطالعے اور معلومات کے جدید ذرائع تک رسا ئی میں مدد دے سکتے ہیں۔ منصوبے کی بنیاد وزارتِ تعلیم اور ٹی ٹی کیئر فائونڈیشن کے درمیان طے پانیوالی مفاہمتی دستاویز پر ہے، جس کے تحت آلات کی فراہمی مرحلہ وار کی جائیگی۔اس اسکیم کی اہمیت محض طلبہ میں کمپیوٹر تقسیم کرنے تک محدود نہیں۔ اس کا بنیادی مقصد ایسے تعلیمی ماحول کو فروغ دینا ہے جہاں طالب علم اپنی صلاحیتوں کو بہتر طور پر استعمال کر سکیں۔ آج دنیا بھر میں تعلیمی ادارے ڈیجیٹل ذرائع سے استفادہ کر رہے ہیں۔ آن لائن لیکچرز، تعلیمی ویڈیوز، تحقیقی مواد اور ورچوئل لرننگ پلیٹ فارمز نے سیکھنے کے انداز کو تبدیل کر دیا ہے۔ ایسے میں ذاتی ڈیجیٹل آلے کی دستیابی طلبہ کے لیے ایک موثر تعلیمی سہولت ثابت ہو سکتی ہے۔وزیراعظم یوتھ کروم بک 2026سکیم میں نویں جماعت کے اعلی کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو بنیادی ہدف بنایا گیا ہے۔ مستحقین کا انتخاب متعلقہ امتحانی بورڈ کے تازہ ترین دستیا ب نتائج اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ سرکاری شعبے کے طلبہ کے لیے کم از کم 50فیصد نمبر حاصل کرنا ضروری ہوگا، جبکہ انتخاب مقررہ کوٹے اور دستیاب آلات کی تعداد کے مطابق کیا جائے گا۔ نتائج کے باضابطہ اعلان اور بین الصوبائی رابطہ کمیشن(IBCC)کے ذریعے تصدیق کے بعد میرٹ کی فہرستیں مرتب کی جائیں گی۔ اس طریق کار کا مقصد انتخاب میں شفافیت، یکساں معیار اور قابلِ اعتماد تعلیمی ریکارڈ کو یقینی بنانا ہے۔اسکیم کا دائرہ صرف سرکاری اسکولوں تک محدود نہیں رکھا گیا۔ صوبائی تعلیمی فائونڈیشنز کی معاونت سے چلنے والے نجی اسکولوں کے اہل طلبہ اور رجسٹرڈ مدارس کے طلبہ بھی مقررہ شرائط پوری کرنے پر اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ پنجاب میں پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن، سندھ میں سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن، بلوچستان میں بلوچستان ایجوکیشن فائونڈیشن اور خیبر پختونخوا میں خیبر پختونخوا ایجوکیشن فائونڈیشن کے واچر پروگرامو ں کے تحت تعلیم حاصل کرنیوالے طلبہ اس دائرے میں شامل ہیں۔شیڈول کے مطابق یہ حکمتِ عملی اس لحاظ سے اہم ہے کہ پاکستان کا تعلیمی نظام مختلف اداروں اور انتظامی ڈھانچوں پر مشتمل ہے۔ اگر ڈیجیٹل سہولتوں کی تقسیم صرف چند مخصوص اداروں تک محدود رہے تو بہت سے مستحق طلبہ اس سے محروم رہ سکتے ہیں۔ سرکاری اسکولوں، معاونت یافتہ نجی تعلیمی اداروں اور رجسٹرڈ مدارس کو شامل کرنے سے اس منصوبے کو زیادہ وسیع اور جامع بنانے کا موقع ملتا ہے۔ مدارس کے طلبہ کی اہلیت اور تعلیمی حیثیت کی تصدیق متعلقہ حکام اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ریلیجیس ایجو کیشن (DGRE)کے تعاون سے کی جائیگی۔ اس کیلئے الگ طر یق کار رکھا گیا ہے تاکہ رجسٹریشن ، ادارہ جاتی وابستگی اور دیگر ضروری شرائط کی جانچ ممکن ہو سکے۔ اسی طرح صوبائی محکمہ ہائے تعلیم، تعلیمی فائونڈیشنز اور امتحانی بورڈز اپنے اپنے دائر کار میں طلبہ کے کوائف کی تصدیق اور مستحقین کی فہرستیں تیار کرنے میں معاونت کریں گے ۔ ملک بھر میں منصفانہ تقسیم کیلئے امتحانی بورڈز کو مرکزی کردار دیا گیا ہے۔ پنجاب کے نو تعلیمی بورڈز لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، بہاولپور ، ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال اس نظام کا حصہ ہیں۔سندھ میں کراچی، حیدرآباد ، سکھر، لاڑکانہ ، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد کے بورڈز کے ذریعے اہل طلبہ کی نشاندہی کی جائے گی۔خیبر پختونخوا کے آٹھ بورڈز، یعنی پشاور، ایبٹ آباد، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ، ملاکنڈ، مردان اور سوات بھی اس عمل میں شریک ہوں گے۔بلوچستان میں بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے ذریعے پروگرام نافذ کیا جائیگا۔ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے اہل طلبہ کو بھی متعلقہ امتحانی اور تعلیمی حکام کے ذریعے مقررہ فریم ورک کے تحت شامل کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔اس منصوبے میں ایک اہم اصول یہ ہے کہ مختلف امتحانی بورڈز کے درمیان کروم بکس کی تقسیم نویں جماعت کے امتحانات میں شریک طلبہ کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے گی۔ فراہم کردہ فریم ورک کے مطابق مجموعی طور پر 26امتحانی بورڈز اس نظام کا احاطہ کرتے ہیں۔ اس طرح آلات کی تقسیم کے لیے ایک متناسب بنیاد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جبکہ ہر بورڈ کے اندر انتخاب میرٹ اور مقررہ کوٹے کے مطابق ہوگا۔کسی بھی سرکاری تعلیمی منصوبے کی کامیابی کا اصل معیار اس کا اعلان نہیں بلکہ عملی نتائج ہوتے ہیں۔ ضروری ہے کہ طلبہ کے نتائج اور داخلوں کی تصدیق بروقت مکمل کی جائے، انتخابی فہرستیں واضح ہوں اور آلات کی فراہمی کے عمل میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔ متعلقہ اداروں کو اس بات پر بھی توجہ دینی چاہیے کہ طلبہ کروم بکس کو موثر تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال کر سکیں۔ ڈیجیٹل خواندگی، بنیادی تر بیت، انٹرنیٹ تک مناسب رسائی اور تکنیکی معاونت اس سرمایہ کاری کے فوائد کو بڑھا سکتی ہے۔پانچ لاکھ ری فربشڈ کروم بکس کی فراہمی کا منصوبہ پاکستان کے نوجوانو ں کو جدید تعلیمی ذرائع سے منسلک کرنے کی قابلِ توجہ کوشش ہے۔اگر میرٹ، شفافیت اور موثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے تو یہ اسکیم مختلف تعلیمی پس منظر رکھنے والے طلبہ کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔ بالخصوص ان نوجوانوں کے لیے، جن کے پاس ذاتی کمپیوٹر یا دیگر ڈیجیٹل وسائل خریدنے کی استطاعت نہیں، یہ سہولت سیکھنے کے نئے راستے کھول سکتی ہے۔پاکستان کی نوجوان آبادی ملک کا قیمتی سرمایہ ہے۔ اسے جدید علم، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے مواقع فراہم کرنا مستقبل کی معاشی اور سماجی ترقی میں سرمایہ کاری کے مترادف ہے۔ وزیراعظم یوتھ کروم بک اسکیم اس سمت میں ایک مثبت قدم بن سکتی ہے، بشرطیکہ اس کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہنچیں اور فراہم کردہ آلات طلبہ کی تعلیمی ترقی میں موثر کردار ادا کریں۔ ڈیجیٹل سہولتوں تک وسیع تر رسائی ہی ایک ایسے تعلیمی نظام کی بنیاد بن سکتی ہے جو نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں کے لیے بہتر طور پر تیار کرے۔




