سرگودھا (بیورو چیف)امریکی وفد نے کمشنر آفس سرگودھا کا دورہ کیا، جہاں کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی، چوہدری محسن شاہ نواز رانجھا، کنوینئر وزیر اعلیٰ پنجاب سٹرس ڈویلپمنٹ ٹاسک فورس، اور سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سرگودھا کے زرعی شعبے کی ترقی، کنو سمیت ترشاوہ پھلوں کی پیداوار و برآمدات میں اضافے، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال، زرعی تحقیق اور بین الاقوامی تجارتی روابط کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔امریکی وفد میں گریگوری جان لیتھ (Gregory John Leith)، چیف ایگزیکٹو آفیسر بریک تھرو لیڈرز اور چیئرمین ایف ایس ایف؛ کیون اسٹارک (Kevin Stark)، مالک و صدر مڈی واٹر فارمز؛ فریڈ برک بوکلر (Fred Burckbuchler)، نائب صدر فنانس نیچرز ارتھ پراڈکٹس؛ جیفری ٹی ٹروئیک (Jeffrey T. Troike)، امریکی زرعی کاروباری شعبے سے وابستہ ایگزیکٹو؛ اور ڈاکٹر روبینہ فیروز بھٹی (Dr. Rubina Feroze Bhatti)، انٹرنیشنل وزیٹنگ اسکالر، دی کیتھولک یونیورسٹی آف امریکہ شامل تھے۔ ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر اشفاق نے شرکاء کو سرگودھا کے زرعی شعبے، کنو سمیت ترشاوہ پھلوں کی پیداوار، جدید زرعی طریقوں، پیداواری معیار میں بہتری اور برآمدات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے زرعی شعبے میں تحقیق، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور زرعی پیداوار میں بہتری کے امکانات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی اور چوہدری محسن شاہ نواز رانجھا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سرگودھا کی زرعی اہمیت، بالخصوص کنو کی پیداوار اور بین الاقوامی منڈیوں میں اس کی رسائی بڑھانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جدید زرعی تحقیق، بہتر پیداواری طریقوں، ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور کاروباری برادری کے ساتھ مربوط تعاون کے ذریعے مقامی زرعی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے اور برآمدات میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔اجلاس میں اس امر پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ سرگودھا کے زرعی وسائل اور کاروباری صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے بین الاقوامی تعاون اور تجارتی روابط کو فروغ دیا جائے، تاکہ مقامی زرعی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں بہتر انداز میں متعارف کروانے اور خطے کی معاشی ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔




