ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیزکیا جائے

سرگودھا(بیوروچیف) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ارشد احمد وٹو نے تحصیل بھلوال کا دورہ کیا اور تعلیمی اداروں میں تدریسی سہولیات اور مثالی گاؤں پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اے ڈی سی سوشل سروسز نے نواز شریف اسکول آف ایمننٹ اور تعلیم الاسلام ہائی اسکول بھلوا ل کا دورہ کیا۔انہوں نے کلاس رومز اور لیبارٹریز و کمپیوٹر لیب کا معائینہ کیا اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لیبارٹریز و لیب میں موجود آلات کی مناسب دیکھ بھال اور ان کے تعلیمی مقاصد کے لیے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے۔اسکولوں میں صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور تعلیمی ماحول کو بہتر رکھنے کے ساتھ طلبہ کی عملی تعلیم پر بھی توجہ دی جائے تاکہ وہ جدید تعلیمی تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔ ارشد احمد وٹو نے دھوری اور خان محمد والا میں مثالی گاؤں پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر کاموں کی پیش رفت دیکھی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار برقرار رکھی جائے اور تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد دیہی آبادی کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، اس لیے منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے اور کام کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عوام ان منصوبوں سے بروقت مستفید ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں