تیز رفتار بس تلے آکر نوجوان جاں بحق،5افراد کیساتھ سوا کروڑ کا فراڈ،گولیاں لگنے سے2شہری لہولہان

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) شیخوپورہ روڈ پر بس تلے آ کر نوجوان جاں بحق، بیرون ملک سعودیہ بھجوانے کا جھانسہ دیکر دو شہریوں سے13 لاکھ سے زائد رقم ہتھیانے والا ایجنٹ گرفتار، لڑائی جھگڑے کے واقعات میں گولیاں لگنے سے2افراد لہولہان، چالاک ملزمان کاروبار کا جھانسہ دیکر5شہریوں سے سوا کروڑ ہتھیا لیے، پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق بلوچنی کے علاقہ 68ر۔ب کے قریب تیز رفتار بس نے سڑک عبور کرتے ہوئے فراز ولد اللہ بخش کو کچل دیاجو کہ موقع پر ہی چل بسا۔ پولیس نے نعش ورثاء کے حوالے کر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔ تھانہ سمندری کے علاقہ منی بائی پاس کے قریب عداوت کی بنا پر شعیب وغیرہ نے شہباز کو موضع کرکے علاقہ میں پرانی دشمن کی بناء پر مسلح افراد سہیل وغیرہ نے مخالف سرفراز کو گولیاں مار کر زخمی کردیا،مضروبان کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔ علاوہ ازیں جناح کالونی کے رہائشی عبدالرحمن نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ ملزم خلیل نے کاروبار کا جھانسہ دیکر50لاکھ ہڑپ کر لئے، گلبرگ روڈ کے عرفان جاوید کا کہنا ہے کہ اس کے واقف کا ر ملزم زوار حسین نے کاروبار کیلئے 30لاکھ کی رقم لیکر واپس نہ کی۔ کوتوالی روڈ کے تاجر کاشف سے ملزم عابد نے15لاکھ مال لیکر بدلے میں جعلی چیک تھما دیا، ڈائیوو روڈ کے علی عمران سے ملزم یوسف ضامن نے 10لاکھ کی رقم لیکر واپس نہ کی۔ایف آئی اے فیصل آباد کمپوزٹ سرکل نے دو شہریوں کو بیرون ملک سعودیہ بھجوا کر ملازمت دلوانے کا جھانسہ13لاکھ 65ہزار کی رقم ہتھیانے والے ایجنٹ نوید کو گرفتار کر لیا۔ حسب معاہدہ بیرون ملک بھجوایا نہ رقم واپس کی۔ ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر کے ایجنٹ کو گرفتار کر کے باز پرس شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں