لاہور(بیوروچیف)ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو 3وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔تین ملکی ون ڈے ٹرائی سیریز کے فائنل میں 326 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 127 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، سعد بیگ نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 74 رنز بنائے۔فخر زمان اور سعد بیگ کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 149 رنز بنے، جس نے پاکستان کی جیت کی بنیاد رکھی۔عرفات منہاس نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 61 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ حسن نواز 37 رنز بنا کر ناٹ آٹ رہے۔بابر اعظم اور فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے آٹ ہوئے جبکہ سلمان علی آغا نے 17 اور معاذ صداقت نے 5 رنز بنائے۔اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے تھے۔ سری لنکا کی جانب سے کامینڈو مینڈس 131 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ پاون رتھنایاکے نے 77 رنز کی اننگز کھیلی۔شاہین شاہ آفریدی نے قذافی سٹیڈیم میں ون ڈے میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا وسیم اکرم کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا، دونوں کے نام اس میدان میں 23، 23 وکٹیں ہیں۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ، خواجہ عمران نذیر بھی فائنل میچ دیکھنے کے لیے قذافی سٹیڈیم میں موجود تھے۔




