ڈکیتی،چوری کی مزید32وارداتوں میں لاکھوں کا نقصان ،7اغوائ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں ڈکیتی ، راہزنی اورچوری کی32سنگین وارداتوں کے دوران ڈاکوئوں اور چوروں کے گروہ لاکھوں کا مال و اسباب لوٹ کر لے گئے، متعدد شہریوں کی موٹر سائیکلیں اور رکشے چور لے اڑے۔ جبکہ اوباش افراد نے سبز باغ دکھا کر 5خواتین اور2نوجوانوں کو اغوا کر لیا۔ پولیس نے مغویان کی بازیابی کیلئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق مدینہ ٹائون کے علاقہ214ر۔ب کے علی حسن کی ہمشیرہ (ک) کو ملزمان بلال وغیرہ، ملت ٹائون کے علاقہ202ر۔ب گٹی کے حمزہ کی اہلیہ(ف) کو ملزمان اشفاق وغیرہ، روشن والا کے علاقہ276ر۔ب کے منصور کی اہلیہ (م) کو ملزمان علی رضا وغیرہ، کھرڑیانوالہ کے علاقہ266ر۔ب کے منیر کی اہلیہ(گ) کو مزمل وغیرہ نے اغوا کر لیا۔ فیکٹری ایریا کے علاقہ ناظم آباد سے سالک کا بیٹا منیر اور منصور آباد کے علاقہ2ج ب کے غلام مصطفی کا بیٹا عبدالرحمن گھر سے سودا سلف لینے نکلے واپس نہ آئے ، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ جبکہ منٹگمری بازار کے باہر علی سے جھپٹا مار کر آئی فون چھین لیا،ریلوے روڈ عظیم کی دکان سے قیمتی سامان، کینال روڈ رضا گارڈن کے قریب ابو بکر کی دکان سے سامان چوری، ملت ٹائون گرڈ اسٹیشن کے قریب کاشف کے گھر کے تالے توڑ کر پانچ لاکھ کے زیورات نقدی و سامان چور لے گئے، لائلپور کالونی کے عاقل عباس کی چھت سے قیمتی جانور چوری، سمانہ پل کے قریب حمزہ سے2لاکھ اورآئی فون چھین لیا گیا،190ر۔ب کے محمدشہزاد سے نقدی و فون چھین لیا، 191ر۔ب کے قریب سروش سے نقدی و فون چھین لی گئی، سمال انڈسٹریز کے ریحان کی فیکٹری سے لاکھوں کا سامان چوری، الیاس گارڈن کے قریب عطیہ بی بی سے جھپٹا مار کر پرس چھین لیا۔گلشن اقبال کے جاوید سے نقدی و فون چھین لیا، ٹھیکری والا کے علاقہ موٹروے روڈ پر معظم سے موٹر سائیکل نقدی و فون چھین لیا،214ر۔ب کے انس علی سے ساڑھے تین لاکھ اور قیمتی فون چھین لیا گیا،54گ ب کے محمد عمر کے گھر سے بکرے چوری، 59گ ب کے علی سلمان کے گھر کا صفایا کر دیا گیا، اڈا سلونی جھال کے دکاندار عباس علوی کی دکان سے جوتے چور لے گئے،208گ ب کے طیب کے ڈیرہ سے لاکھوں کے مویشی چوری، قصبہ تاندلیانوالہ کے محمد بخش سے ایک لاکھ و فون چھین لیا، 608گ ب کے اشرف کی حویلی سے مویشی چوری، گڑھ کے علاقہ کے محبوب الرحمن سے نقدی و فون چھین لیا، دیگر وارداتوں کے دوران ڈاکوئوں اور چوروں کے گروہ لاکھوں کا مال و اسباب لوٹ کر لے گئے، علاوہ ازیں کچہری بازار سے ابو بکر، پیپلز کالونی ڈی گرائونڈ سے عثمان، مکوآنہ سے سلطان، جڑانوالہ روڈ پر فیضان، علوی پارک کے علی اکبر، سمندری روڈ پر وقاص، جھنگ روڈ پر نوید اور دیگر کی موٹر سائیکلیں اور رکشے چور لے اڑے۔ بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہری عدم تحفظ کا شکار ، پولیس ڈاکوئوں اور چوروں کے گروہوں کو پکڑنے میں ناکام ہو گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں