صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،ڈپٹی کمشنر

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)بزنس کمیونٹی کی عزت و احترام، کاروباری آسانیوں کی فراہمی اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حل اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لئے رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں جبکہ معمولی خلاف ورزیوں پر فیکٹریوں اور کاروباری مراکز کو سیل کرنے جیسے سخت اقدامات کی حوصلہ شکنی کی گئی ہے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے دوران بزنس کمیونٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عارف احسان ملک، نائب صدر میاں محمد سعید، محمد یسین اور ایگزیکٹو ممبران نے شرکت کی اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل اور مختلف تجاویز سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے چیمبر آف کامرس کے مسائل کے فوری حل کے لئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر عادل عمر کو فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے گا تاکہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل اور انتظامیہ و تاجر برادری کے درمیان اعتماد کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بیشتر این او سیز اور لائسنسز کے اجرا کا نظام آن لائن کیا جا چکا ہے تاکہ تاجروں کو مختلف سرکاری دفاتر کے بار بار چکر نہ لگانے پڑیں۔ معمولی نوعیت کی خلاف ورزیوں پر کاروباری مراکز کو سیل کرنے کے بجائے قانون کے مطابق مناسب اقدامات کئے جائیں گے جبکہ تجاوزات کے خلاف کارروائیوں میں بھی غیر منصفانہ طرز عمل سے گریز اور متاثرہ افراد کی شکایات کا ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فیصل آباد میں واسا کے سیوریج اور فراہمی آب کے مسائل کے حل کے لئے اربوں روپے کی ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے جبکہ میٹرو بس منصوبے کو دسمبر2027 سے قبل مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اسی طرح سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی بہتری کے لئے جامع اصلاحاتی منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔انہوں نے شہر کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں بزنس کمیونٹی کی فلاحی خدمات کو قابل تحسین قرار دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد میں جدید ایکسپو سینٹر کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے جو صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروباری روابط کے استحکام میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ حکومت فیصل آباد میں بڑے ترقیاتی اور تعلیمی منصوبوں کے لئے قیمتی اراضی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی شہر کی ترقی اور ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انتظامیہ اور تاجر برادری کے مابین قریبی رابطے اور باہمی مشاورت سے کاروباری مسائل کے حل، سرمایہ کاری کے فروغ اور شہر کی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں