فیصل آباد(ایجوکیشن رپورٹر)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد نے طلبہ اور اساتذہ کی جانوں کو لاحق خطرات کے پیش نظر خطرناک عمارتوں میں قائم پانچ نجی سکولوں کے مالکان و پرنسپلز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد راو عبدالکریم کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کی سروے رپورٹس میں پانچ نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے، جن سے طلبہ اور سکول اسٹاف کی سلامتی کو ممکنہ خطرات لاحق ہیں۔نوٹس میں البرکت سائنس سکول سسٹم، پی ایس ایف سکول آف ایکسیلینس، سی سی ایف 534گ ب، نیو یونیک گرامر گرلز ہائی سکول اور کالونی ماڈل سکول کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ فوری طور پر سکولوں کو محفوظ عمارتوں میں منتقل کیا جائے اور غیر محفوظ عمارتوں کو مناسب طریقے سے سیل کیا جائے۔ متعلقہ انتظامیہ کو 5نومبر2026 کو دوپہر 2بجے سی ای او ایجوکیشن آفس میں ذاتی طور پر پیش ہو کر تحریری وضاحت دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تسلی بخش جواب نہ دینے کی صورت میں سکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے، عمارت سیل کرنے اور قواعد کے مطابق جرمانے سمیت مزید قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ طلبہ اور اساتذہ کی جان و سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور معاملے کو انتہائی ہنگامی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا۔




