خالق نگر (سپورٹس نیوز)معروف کرکٹر اور کرکٹ کمنٹیٹر محمد فیصل الٰہی نے کہا ہے کہ دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں شمار ہونے والی کرکٹ کو برصغیر پاک و ہند میں جو غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی، اس کی ایک بڑی وجہ ٹینس بال کرکٹ ہے۔ محدود وسائل، چھوٹے میدانوں اور گلی محلوں سے جنم لینے والا یہ کھیل محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں، محنت اور باہمی اتحاد کی ایک خوبصورت مثال ہے۔ان خیالات کا اظہار محمدفیصل الٰہی نے سینئرصحافی ایم بی ہاشمی سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں روایتی کرکٹ کا سامان مہنگا ہونے کی وجہ سے نوجوانوں نے نرم ٹینس بال اور عام بلے کے استعمال سے اس کھیل کو عوامی سطح پر پھیلا دیا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ٹینس گیند پر الیکٹرک ٹیپ لپیٹ کر”ٹیپ بال کرکٹ” کا نیا انداز سامنے آیا، جس نے فاسٹ بولرز کو اپنی رفتار اور سوئنگ دکھانے کا نیا موقع دیا۔ بالخصوص کراچی، لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی جیسے شہروں میں رمضان المبارک کے دوران فلڈ لائٹس میں ہونے والے نائٹ ٹورنامنٹس نے اس کھیل کو ایک منفرد اور مضبوط عوامی روایت بنا دیا ہے۔محمد فیصل الہی کا کہنا تھا کہ اتنی مقبولیت کے باوجود ٹینس بال کرکٹ کو منظم انتظامی ڈھانچے اور یکساں قوانین کی کمی کا سامنا ہے۔ مختلف علاقوں میں اوورز، گیند کے معیار اور باؤنڈری کے قوانین الگ الگ ہیں، جبکہ کھلاڑیوں کو مالی معاملات، امپائرنگ کے معیار اور کھیل کے دوران طبی و حفاظتی سہولیات کے مسائل بھی درپیش ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ اس کھیل کو محض گلی محلوں تک محدود رکھنے کے بجائے مقامی، ضلعی اور قومی سطح پر مضبوط ڈھانچہ تشکیل دیا جائے، کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کی جائے اور خواتین کی ٹینس بال کرکٹ کو بھی فروغ دیا جائے۔ پاکستان میں موجود بے پناہ ٹیلنٹ کو منظم کر کے ہم اس کھیل میں بین الاقوامی سطح پر اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔




