ریڑھیاں لگا کر جھمرہ روڈ بلاک کرنیوالے12افراد گرفتار

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد ناصر جاوید رانا کی ہدایات پر ڈی ایس پی ٹریفک سرکل مدینہ ٹائون کی زیرِ نگرانی انچارج ٹریفک عبداللہ پور نے جھمرہ روڈ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سڑک پر ریڑھیاں اور دیگر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کی روانی متاثر کرنیوالے 12افراد کے خلاف تھانہ منصورآباد میں مقدمات درج کروا دیے، جبکہ ملزمان کو حوالات میں بند کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق مذکورہ افراد کو متعدد بار سڑک کلیئر کرنے اور تجاوزات ختم کرنے کی وارننگ دی گئی۔ اس سلسلے میں کئی مرتبہ سڑک کو کلیئر بھی کروایا گیا، تاہم ملزمان کی جانب سے بار بار روڈ بلاک کرکے شہریوں کی آمدورفت میں رکاوٹیں پیدا کی جا رہی تھیں۔بار بار تنبیہ کے باوجود خلاف ورزی جاری رکھنے اور ٹریفک کے ہموار بہا ئوکو متاثر کرنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی اور 12 افراد کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے۔چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید رانا کا کہنا ہے کہ شاہراہوں پر تجاوزات قائم کرکے ٹریفک کی روانی متاثر کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔ شہریوں کی سہولت، محفوظ سفر اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کی اولین ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں