سرکاری ڈرائیونگ سکولز میں تربیت کی فیسوں میں اضافہ

لاہور (بیوروچیف)مہنگائی کے اثرات ڈرائیونگ سیکھنے والوں تک بھی پہنچ گئے، ٹریفک پولیس کے سرکاری ڈرائیونگ سکولز میں تربیت کی فیسوں میں اضافہ کر دیا گیا۔کار ڈرائیونگ سیکھنے کی فیس 5ہزار سے بڑھا کر 7ہزار روپے کر دی گئی، جس کے بعد شہریوں کو کار کی ڈرائیونگ سیکھنے کے لیے 2ہزار روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔ کمرشل گاڑی کی ڈرائیونگ سیکھنے کی فیس بھی 7ہزار سے بڑھا کر 8ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ٹریفک حکام کے مطابق سرکاری ڈرائیونگ سکولز میں شہریوں کو 15روزہ تربیت فراہم کی جاتی ہے، ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد ڈرائیونگ ٹیسٹ لیا جاتا ہے اور کامیاب امیدواروں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جاتا ہے۔حکام کے مطابق لاہور میں 12سمیت پنجاب بھر میں 125سے زائد سرکاری ڈرائیونگ سکولز قائم ہیں، جہاں ہر سال تقریباً 45ہزار شہری ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کرتے ہیں۔ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کی جانب سے ڈرائیونگ سکولز کی فیسوں میں اضافے کی سمری ایگزیکٹو بورڈ سے منظور کر لی گئی ہے۔ رواں ماہ سے نئی فیسوں کا اطلاق ہوگا۔ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر نے تمام اضلاع میں نئی فیسوں کے نفاذ کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں