سموگ کے تدارک کیلئے ضلعی انتظامیہ ٹوبہ کی آگاہی مہم

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق سموگ کے تدارک، فضائی آلودگی میں کمی اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی آگاہی مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے صدر بازار اور شہباز چوک کا دورہ کیا اور انسداد سموگ آگاہی کیمپوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے شہریوں اور دکانداروں میں آگاہی پمفلٹس اور حفاظتی ماسک تقسیم کیے اور انہیں سموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ کچرے اور دیگر اشیا کو آگ لگانے سے گریز کیا جائے کیونکہ کچرا جلانا قانونا جرم ہے۔ سموگ کی شدت کے دوران ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے دکانداروں کو بھی انسداد سموگ اقدامات پر عملدرآمد اور ماحول کو فضائی آلودگی سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے آگاہی دی۔ انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی میں کمی اور صحت عامہ کے تحفظ کے لیے شہریوں کا تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے، اس لیے ہر شہری کو ماحولیاتی تحفظ کی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے حکومتی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ سموگ کے تدارک اور عوام کو اس کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے آگاہی سرگرمیاں اور عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں