ڈرل کے ذریعے گندم کاشت ڈائریکٹر زراعت کی ہدایات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)فیصل آباد ڈویژن میں گندم کی کاشت کی مہم 2026-27 جاری ہے جس میں وسائل کے بہتر استعمال، پیداواری اخراجات میں کمی اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لئے ڈرل کے ذریعے کاشت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ڈائریکٹر زراعت(توسیع)چوہدری خالد محمود نے بتایا کہ محکمہ زراعت کی جانب سے سبسڈی پر فراہم کردہ سپر سیڈر مشینیں دھان کی کٹائی کے بعد کھیتوں میں پرالی کو باریک کاٹ کر زمین میں ملانے اور گندم کی بروقت کاشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس طریقہ سے زمین کی زرخیزی بہتر ہوتی اور فصل کی نشوونما میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ سپر سیڈر استعمال کرنے سے پہلے مشین کی درست کیلیبریشن کریں، مقررہ رفتار اور بیج کی مناسب گہرائی برقرار، ٹریکٹر کی ہارس پاور مشین کی ضرورت کے مطابق رکھیں،زمین میں مناسب وتر یقینی بنائیں، صبح کی شبنم خشک ہونے کے بعد مشین چلائیں اور کھیت کے کونوں اور کناروں پر خصوصی احتیاط برتیں۔چوہدری خالد محمود نے کہا کہ احتیاطی تدابیر سے سپر سیڈر کی کارکردگی بہتر ہوگی، بیج کی یکساں کاشت یقینی، ایندھن کی بچت اور گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے میں مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں