سرگودھا (بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے کہا ہے کہ ضلع میں قانون کی عملداری، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور حکومتی احکامات پر مؤثر عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کریں۔ سمگلنگ، غیر قانونی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت، بجلی چوری اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں یقینی بنائی جائیں جبکہ اہم شاہراہوں پر نگرانی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد مزید مؤثر بنایا جائے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر توقیر محمد نعیم سمیت سول، پولیس، سکیورٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی رابطہ کمیٹی کا بنیادی مقصد مختلف اداروں کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن، معلومات کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔ تمام محکمے اپنے متعلقہ دائرہ کار میں ذمہ داریاں پوری کریں اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں میں ایک دوسرے کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی مفاد اور قانون کی بالادستی سے متعلق امور میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر توقیر محمد نعیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی پولیس قانون کی عملداری اور غیر قانونی سرگرمیوں کے تدارک کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔ سمگلنگ، غیر قانونی پٹرولیم مصنوعات، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات اور مؤثر نگرانی ضروری ہے۔ انہوں نے جرائم کی روک تھام اور امن و امان کے قیام کے لیے ادارہ جاتی رابطے کی اہمیت پر زور دیا۔ اجلاس میں ایجنڈے کے مختلف نکات پر متعلقہ محکموں کے افسران نے بریفنگ دی اور جاری کارروائیوں کا جائزہ پیش کیا۔




