خوشحال دیہات پروگرام کیلئے23ارب85کروڑ فنڈز منظور

لاہور ( بیو رو چیف )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خوشحال دیہات پروگرام کے تحت صوبے کے 475 دیہات میں ترقیاتی کام شروع کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔ پروگرام کے تحت ہر گاؤں میں پکی گلیاں، سیوریج کا باقاعدہ نظام اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے خوشحال دیہات پروگرام کے لیے 23 ارب 85 کروڑ روپے کی منظوری بھی دے دی۔ پہلے مرحلے میں 475 دیہات کی ترقی کے لیے ہر گاؤں کو پانچ کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور نگرانی کے لیے خوشحال دیہات کمیٹیاں قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ متعلقہ اے ڈی سی سوشل سروسز کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، جبکہ کمیٹی میں پانچ سرکاری اور چار نجی ارکان شامل ہوں گے۔ چیئرمین یونین کونسل اور متعلقہ سب انجینئر بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے نومبر تک خوشحال دیہات کمیٹیوں کو گرانٹ کی پہلی قسط جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے دوسرے مرحلے میں دو ہزار دیہات کی ترقی کا پلان بھی طلب کر لیا۔مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر گاں میں پکی گلیاں اور سیوریج کا منظم نظام فراہم کرنا ان کا عزم ہے۔ شہر ہوں یا دیہات، اب پنجاب میں ہر جگہ ترقی یکساں ہوگی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقی کے سفر میں سب کو شامل کیا جائے گا اور سیاسی وابستگی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔ ڈویلپمنٹ پروگرام اور مسائل کا حل پنجاب کے ہر علاقے کا حق ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں