ساہیوال (بیورو رپورٹ) ساہیوال شہر اور گردو نواح میں سموگ کے باعث فضا آلودہ ہو گئی، جس کے باعث شہریوں کو مختلف پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سموگ کے اثرات کے باعث آنکھوں میں جلن، گلے میں خراش، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری جیسی شکایات کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جبکہ شہریوں کو روزمرہ معمولات زندگی میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ سموگ کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کیا جائے اور باہر جاتے وقت معیاری فیس ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ آنکھوں کو آلودہ فضا اور گرد و غبار سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی چشمے استعمال کیے جائیں، جبکہ آنکھوں کو بار بار ہاتھوں سے رگڑنے سے بھی اجتناب کیا جائے۔ شہری جسم میں پانی کی کمی سے بیچنے کے لیے مناسب مقدار میں پانی پیتے رہیں، گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے حتی الامکان بند رکھیں اور کھلے مقامات پر ورزش یا غیر ضروری جسمانی مشقت سے گریز کریں۔ بچوں، بزرگوں اور دمہ یا سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ کچرا، پلاسٹک اور فصلوں کی باقیات جلانے سے اجتناب کریں تا کہ فضائی آلودگی میں مزید اضافہ نہ ہو۔ سانس لینے میں دشواری، سینے میں درد یا مسلسل کھانسی کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سموگ اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔




