اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس اور وابستہ توقعات (اداریہ)

پاکستان کی خارجہ پالیسی میں علاقائی تعاون’ باہمی احترام’ معاشی روابط اور پُرامن بقائے باہمی کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کا آغاز پاکستان کے سفارتی کردار کو اجاگر کرنے کا ایک موقع ہے۔ اجلاس کے ایجنڈے کی تیاری اور اس کی حتمی منظوری کے لیے ہونے والی مشاورت سے توقع کی جا رہی ہے کہ رکن ممالک کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کو آگے بڑھایا جائے گا۔ ایسے اہم اجلاسوں کی میزبانی سے پاکستان کو عالمی برادری کے ساتھ روابط مضبوط بنانے اور خطے میں مشترکہ ترقی کے امکانات اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے۔ اقتصادی تعاون تنظیم ایک اہم علاقائی پلیٹ فارم ہے جس میں رکن ممالک معیشت’ تجارت’ توانائی’ رابطہ کاری اور ثقافتی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے مل بیٹھتے ہیں۔ اس تنظیم کی اہمیت اس حقیقت سے بھی واضح ہوتی ہے کہ اس کے رکن ممالک وسیع جغرافیائی خطوں’ بڑی آبادیوں اور نمایاں معاشی وسائل کے حامل ہیں۔ ان ممالک کے درمیان بہتر روابط نہ صرف علاقائی تجارت کو فروغ دے سکتے ہیں بلکہ مشترکہ مسائل کے حل اور ترقی کے نئے امکانات پیدا کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کونسل کا 30 واں دو روزہ اجلاس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شروع ہے۔ اجلاس میں شرکت کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم کے متعدد رکن ممالک کے وزرائے خارجہ’ وفود کے سربراہان ای سی او سیکرٹریٹ اور ای سی او کے ذیلی اداروں کے نمائندے پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ اجلاس میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان اور پاکستان کے سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد بھی شرکت کر رہے ہیں۔ اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کا باقاعدہ اجلاس آج ہو گا۔ وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے پہلے روز تنظیم کے مختلف اداروں کی رپورٹس کو حتمی شکل دے دی گئی۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی خصوصی شرکت کرینگے۔ ای سی او کے وزرائے خارجہ کونسل کی جانب سے آج ای سی او ممالک کے درمیان علاقائی تجارت وتعاون کے فروغ کے لیے اقتصادی تعاون کے سٹریٹجک اہداف 2035ء کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے اور اجلاس میں اعلامیہ اسلام آباد کو حتمی شکل دینے’ ای سی او کے معاہدوں پر دستخط کی تقریب’ آئندہ وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کی تاریخ اور مقام سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں اہم ایجنڈا اقتصادی تعاون کے سٹریٹجک اہداف 2035ء کی منظوری بھی شامل ہے جو ای سی او وژن 2025ء کی جگہ تنظیم کا نیا سٹریٹجک فریم ورک ہو گا۔ یہ امر بھی قابل توجہ ہے کہ کسی بھی بین الاقوامی اجلاس کی کامیابی کا اصل پیمانہ اس کے عملی نتائج ہوتے ہیں۔ اگر تجارتی روابط میں بہتری آئے، مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت ہو، سلامتی کے معاملات میں تعاون بڑھے اور عوام کے لیے ترقی کے نئے مواقع پید اہوں تو اس نوعیت کی سفارتی سرگرمیوں کے مثبت اثرات نمایاں ہو سکتے ہیں۔ اسی لیے ضروری ہے کہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ترجیحات کو عملی منصوبہ بندی اور باقاعدہ جائزے کے ساتھ آگے بڑھایا جائے۔ اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس پاکستان کے لیے علاقائی تعاون اور عالمی سفارت کاری میں اپنا کردار مزید مؤثر بنانے میں اہم موقع ہے۔ ایجنڈے کی حتمی منظوری کے بعد ہونے والی مشاورت سے مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس پلیٹ فارم کو امن’ تجارت’ معاشی ترقی اور باہمی اعتماد کے فروغ کے لیے بھرپور انداز میں استعمال کرے۔ بلاشبہ’ مثبت سفارتکاری اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے خطے میں تعاون کے نئے امکانات پیدا کئے جا سکتے ہیں، جو پاکستان سمیت تمام رکن ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہونگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں