سموگ سے بچائو کیلئے جنگلات کا کردار

پاکستان کو اس وقت ماحولیاتی تبدیلی، جنگلات کی کمی، زرعی زمینوں پر بڑھتے ہوئے دبائو، پانی کی قلت اور دیہی آبادی کی معاشی مشکلات جیسے اہم چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان مسائل میں سموگ کے اضافے کے پائیدار حل کے لیے جنگلات یعنی ایگرو فارسٹری ایک موثر، سائنسی اور قابلِ عمل حکمتِ عملی کے طور پر سامنے آتے ہیں۔ جنگلات سے مراد ایسا زرعی نظام ہے جس میں فصلوں، درختوں اور بعض صورتوں میں مویشیوں کو ایک ہی زرعی نظام کا حصہ بنایا جاتا ہے، تاکہ زمین کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ، ماحولیاتی تحفظ اور کسانوں کی آمدنی میں بہتری ممکن ہو سکے۔پاکستان جیسے زرعی ملک میں، جہاں لاکھوں خاندانوں کا روزگار زراعت اور مویشی پالنے سے وابستہ ہے، جنگلات کو فروغ دینا نہ صرف جنگلات کے رقبے اور درختوں کی تعداد بڑھانے میں مدد دے سکتا ہے بلکہ دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کا ذریعہ اور سموگ جیسے گھمبیر مسائل جس کی وجہ سے ہر سال ایکسیڈنٹ کی وجہ سے قیمتی جانوں کے نقصان کے ساتھ ساتھ روزمرہ زندگی کے امور بھی مفلوج ہو جاتے ہیں۔ جن میں آمدورفت کے ذرائع اور تعلیمی اداروں کی بندش اور انسانی صحت کے مسائل شامل ہیںپاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی، شہری پھیلائو، لکڑی اور ایندھن کی طلب، قدرتی وسائل کے غیر پائیدار استعمال اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث درختوں اور جنگلات پر دبائو بڑھ رہا ہے۔ جنگلات کی کمی’ مٹی کے کٹائو، حیاتیاتی تنوع کے نقصان اور ماحولیاتی عدم توازن کی وجہ سے معاشی اور معاشرتی عدم توازن اور ماحولیاتی آلودگی میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ پاکستان کا شمار ان ملکوں میں ہوتا ہے۔جہاں ہر سال آبادی میں اضافہ اور جنگلات کی کمی اور ماحول دوست ذرائع آمدورفت اور ایندھن جسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ ان مسائل پر قابو پانے کے لئے ہمیں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو صحت مند ماحول فراہم کر سکیں۔ کیونکہ ہمارا شمار اقوام عالم کی کم آمدنی والے ملکوں میں ہوتا ہے۔ اس لئے ہم وہ تمام اقدامات کرنے سے قاصر ہیں۔جو ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ماسوائے اس کے کہ ہم اپنے موجودہ قدرتی جنگلات کو محفوظ بنانے اور زرعی اراضی پر جنگلات کے فروغ کے لئے قومی سطح پر پالیسی بنائی جائے اور زرعی شعبے سے وابستہ لوگوں کو شامل کیا جائے جس میں ایگروفارسٹری کے ماہر شامل ہوں تاکہ ایسے درختوں کو ترجیح دیں جو کسانوں کی ضروریات کے ساتھ ساتھ ان کی فصلوں اور زمین کی زرخیزی میں بھی اپنا کلیدی کردار ادا کر سکیں۔عالمی ادارہ خوراک و زراعت (FAO) کے مطابق جنگلات ایسا زمینی انتظام ہے جس میں درختوں کو زرعی فصلوں اور مویشیوں کے ساتھ مربوط کیا جاتا ہے۔ اس نظام کے ذریعے کسان اپنی زرعی زمین کو مکمل طور پر جنگلات کے لیے مختص کیے بغیر درختوں سے معاشی اور ماحولیاتی فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔ پنجاب جیسے زرعی صوبے میں کھیتوں کی منڈیر، نہروں کے کناروں، سڑکوں کے اطراف اور موزوں غیر زیرِ کاشت زمینوں پر درخت لگانے سے زرعی پیداوار کو برقرار رکھتے ہوئے درختوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ تاہم، یہ سمجھنا ضروری ہے کہ زرعی زمین پر درختوں کی موجودگی اور سرکاری طور پر شمار کیے جانے والے جنگلات کا رقبہ دو الگ پیمانے ہیں۔ اس لیے جنگلات کے تحفظ اور اضافے کی تکمیلی حکمتِ عملی کے طور پر اپنانا چاہیے۔ جنگلات کا ایک اہم فائدہ کسانوں کے لیے آمدنی کے اضافی ذرائع پیدا کرنا ہے۔ روایتی زراعت میں کسانوں کو فصلوں کی قیمتوں میں اتار چڑھائو، کھاد اور زرعی ادویات کے بڑھتے ہوئے اخراجات، پانی کی کمی اور موسمی تبدیلیوں کے باعث نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس کے برعکس، درخت کسانوں کو مختلف اوقات میں آمدنی حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔درختوں سے لکڑی، ایندھن، چارہ وغیرہ دیگر لکڑی جنگلاتی مصنوعات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ پودوں کی نرسریوں کا قیام، شجرکاری، درختوں کی کانٹ چھانٹ، دیکھ بھال، کٹائی اور لکڑی کی فروخت بھی دیہی روزگار کے اہم ذرائع بن سکتے ہیں۔عالمی ادار خوراک و زراعت کے مطابق جنگلات زرعی پیداوار میں تنوع، خوراک کے تحفظ، قدرتی وسائل کے بہتر استعمال اور دیہی روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔پاکستان میں ضلع چنیوٹ اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں کی گئی تحقیق بھی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ جنگلات کسانوں کی معاشی و سماجی حالت بہتر بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ تاہم، آمدنی میں اضافے کی مقدار درختوں کی اقسام، زمین، پانی، دیکھ بھال کے اخراجات اور درختوں کی عمر پر منحصر ہوتی ہے۔ اس لیے کسانوں کو شجرکاری سے پہلے موزوں اقسام کے انتخاب اور متوقع اخراجات و آمدنی کے بارے میں درست رہنمائی فراہم کرنا ضروری ہے۔پاکستان کے مختلف زرعی علاقوں میں مقامی آب و ہوا، زمین اور پانی کی دستیابی کے مطابق جنگلات کے کئی نظام اپنائے جا سکتے ہیں۔کھیتوں کی حدود، نہروں اور آب پاشی کی گزرگاہوں کے اطراف موزوں درخت لگانے سے زرعی زمین کے زیادہ حصے کو فصلوں کیلئے محفوظ رکھتے ہوئے درختوں کی تعداد بڑھائی جا سکتی ہے۔ زرعی فصلوں کیساتھ منا سب فاصلے پر درخت لگانے کا نظام زرعی جنگلات کی ایک اہم شکل ہے۔ گندم، مکئی، دالوں اور دیگر مقامی فصلوں کیساتھ موزوں درخت اگائے جا سکتے ہیں۔ درست اقسام، مناسب فاصلہ اور بروقت کانٹ چھانٹ فصلوں اور درختوں کے درمیان مسابقت کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ پھل دار درختوں اور فصلوں کا مشترکہ نظام بھی کسانوں کے معاشی مسائل کو ختم کرنے میں مددگار ہو سکتا درختوں کے پتوں کو چارے اور مویشی پالنے کے نظام کے ساتھ مربوط کرنے سے جانوروں کے لیے چارے کے اضافی ذرائع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ یہ نظام خاص طور پر ان علاقوں میں اہمیت رکھتا ہے جہاں چراگاہوں کی تنزلی اور معیاری چارے کی کمی مویشیوں کی پیداوار کو متاثر کرتی ہے۔ ان تمام نظاموں کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ درختوں کا انتخاب مقامی ماحول، زمین کی نوعیت، پانی کی دستیابی اور کسانوں کی معاشی ضروریات کے مطابق کیا جائے۔ خصوصی طور پر ان علاقوں جسے جنوبی پنجاب اور ایسے علاقے جہاں درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ ہو جاتا ہے۔ ایسے درختوں کو فروغ دیا جائے جو پانی کی کمی کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں جنگلات کے فوائد صرف کسانوں کی آمدنی تک محدود نہیں ہیں۔ مناسب منصوبہ بندی کے تحت یہ نظام حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، کاربن ذخیرہ کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے پتے اور شاخیں نامیاتی مادے میں بہتری اور زمین کی زرخیزی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ مناسب مقام پر لگائے گئے درخت تیز ہوائوں کے اثرات کم کرنے اور فصلوں کو بعض موسمی خطرات سے تحفظ فراہم کرنے میں بھی مددگار ہو سکتے ہیں۔ تاہم، یہ بات بھی اہم ہے کہ ہر درخت یا ہر شجرکاری نظام یکساں فوائد فراہم نہیں کرتا۔ درختوں کی کثافت، اقسام، پانی کی ضرورت اور فصلوں کے ساتھ ان کی مطابقت کا سائنسی جائزہ لینا ضروری ہے۔جنگلات کو کامیاب بنانے کے لیے صرف پودے تقسیم کرنا کافی نہیں۔ کسانوں کو نرسری کے قیام، بیجوں کے انتخاب، پودے لگانے کے طریقوں، کانٹ چھانٹ، بیماریوں اور کیڑوں سے تحفظ، درختوں کی دیکھ بھال اور مارکیٹنگ کے بارے میں عملی تربیت فراہم کرنا ضروری ہے۔ زرعی یونیورسٹیوں، محکمہ جنگلات، محکمہ زراعت، تحقیقی اداروں اور زرعی توسیعی خدمات کو مشترکہ طور پر کسانوں کے لیے تربیتی پروگرام منعقد کرنے چاہییں۔ مختلف علاقوں میں نمائشی فارم قائم کیے جائیں، جہاں کسان درختوں کی مختلف اقسام، فصلوں کے ساتھ ان کی مطابقت اور آمدنی کے ممکنہ ذرائع کا عملی مشاہدہ کر سکیں۔خصوصا چھوٹے کسانوں، دیہی خواتین اور نوجوانوں کو نرسری مینجمنٹ، لکڑی منڈیوں تک رسائی کو بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ پاکستان میں جنگلات کے فروغ کے لیے حکومت، جامعات، تحقیقی اداروں، نجی شعبے اور کسانوں کے درمیان مضبوط اشتراک ضروری ہے۔ جنگلات پاکستان میں درختوں کی تعداد بڑھانے، زرعی وسائل کے بہتر استعمال اور کسانوں کی معاشی و سماجی حالت بہتر بنانے کا ایک اہم ذریعہ بن سکتے ہیں۔ اگر مناسب اقسام کے درختوں کو سائنسی بنیادوں پر زرعی نظام کا حصہ بنایا جائے تو کسان اضافی آمدنی حاصل کرنے کے ساتھ دیہی روزگار، ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں بھی کردار ادا کر سکتے ۔ پاکستان کو ایسی شجرکاری کی ضرورت ہے جس میں صرف پودے لگانے کے اعداد و شمار نہیں بلکہ درختوں کی بقا، ان کی نشوونما، کسانوں کی آمدنی اور ماحول کی بہتری کو اصل کامیابی سمجھا جائے۔ کھیت میں لگا ہوا درخت محض لکڑی کا ذریعہ نہیں بلکہ کسان کے لیے ایک سرمایہ، دیہی معیشت کے لیے ایک موقع اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک قیمتی ماحولیاتی اثاثہ ہے۔ جنگلات کو فروغ دے کر پاکستان سرسبز ماحول، مضبوط زراعت اور خوشحال دیہی معاشرے کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کو درپیش چیلنجز اور مشکلات پر قابو پانے اور آنے والی نسلوں کو صحت مند ماحول دینے کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔ تاکہ معاشرے میں رواداری اور استحکام پیدا ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں