لاہور (بیورو چیف) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی سے ممتاز اوورسیز و سماجی رہنمائوں کے وفد نے ملاقا ت کی ۔ وفد میں چودھری شاہد سندھو، چودھری فیصل اعجاز، چودھری اشفاق ہنجرا، چودھری فاروق سندھو، چودھری شمریز اکبر ۔ چودھری عطاء اللہ ساہی، چودھری کاشف منیر سندھو، چودھری ثقلین حیدر نمبردار، چودھری مستنصر وڑائچ شامل تھے ۔ خرم منور منج ایم این اے، معروف کاروباری شخصیت چودھری اعجاز وڑائچ، عمر فاروق سندھو، تیمور سرور سندھو اور چودھری نعیم گورائیہ بھی ملاقات میں شریک تھے ۔ اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا فخر اور بیرون ملک پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں،گجرات سے تعلق رکھنے والے 12لاکھ اور ملک بھر سے تقریباً ایک کروڑ سے زائد اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کو مستحکم کرنے اور ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ملک کے بیشتر فلاحی اداروں بالخصوص صحت، تعلیم اور روزگار کی فراہمی کے منصوبوں میں بھی اپنا مثبت حصہ ڈال رہے ہیں۔چودھری شاہد سندھو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی نے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کو عزت و مقام دیا ہے، دنیا بھر میں مقیم پاکستانی چودھری پرویزالٰہی سے والہانہ محبت رکھتے ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے عمران خان کا ساتھ نبھا کر پوری دنیا میں گجرات کا نام روشن کیا ہے، چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی وفا کی علامت ہیں اور انہوں نے ہمیشہ عوامی امنگوں کے مطابق فیصلے کیے ہیں۔




