”اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام”قواعد کے مطابق مکمل کیا جائے،کمشنر سرگودھا

سرگودھا (بیورو چیف)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت ڈویژن بھر میں حکومتِ پنجاب کے ریونیو انیشیٹوز پر پیش رفت، زیرِ التوا کیسز اور عوام کو ریونیو خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ ریونیو افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم (RCMS)، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا، اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام، کھیوٹ سے متعلق مسائل، انتقالات کے زیرِ التوا معاملات اور ریونیو ریکارڈ کی درستگی سمیت مختلف حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت زیرِ التوا مقدمات کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا میں تیزی لائی جائے اور کھیوٹ و انتقالات سے متعلق عوامی مسائل کو قواعد و ضوابط کے مطابق بلا تاخیر حل کیا جائے۔کمشنر نے واضح کیا کہ زمین اور جائیداد کے ریکارڈ سے متعلق شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ متعلقہ افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ عوام کو ریونیو دفاتر میں غیر ضروری تاخیر اور مشکلات سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ہر درخواست کو میرٹ، شفافیت اور مقررہ مدت کے اندر نمٹانے کو یقینی بنایا جائے۔اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام کے حوالے سے کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام مراحل حکومتی پالیسی اور مقررہ قواعد کے مطابق مکمل کیے جائیں، مستحق افراد کے انتخاب میں میرٹ اور شفافیت برقرار رکھی جائے اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے مؤثر نگرانی کی جائے۔کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ریونیو نظام میں شفافیت، ڈیجیٹل گورننس کے فروغ اور عوام کو بروقت سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈویژن بھر میں ریونیو اقدامات کی پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیا جائے اور کارکردگی میں بہتری کے لیے عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں