سڑک کی بحالی کاکام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے،ڈپٹی کمشنر ٹوبہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق دیہی علاقوں میں معیاری انفراسٹرکچر کی بحالی اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں اور سرکاری صحت مراکز کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے چک نمبر 350گ ب اور 361گ ب کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں سمیت مریم نواز ہیلتھ کلینک میں فراہم کردہ طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔چک نمبر 350گ ب کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے رجانہ روڈ سے مذکورہ گاوں تک کارپٹ روڈ کی بحالی کے کام کا معائنہ کیا۔ چیف آفیسر ضلع کونسل انور بیگ سیال نے انہیں منصوبے پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سڑک کی بحالی کا کام مقررہ مدت میں معیاری تعمیراتی تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جائے اور متعلقہ محکمے کے افسران فیلڈ میں موجود رہ کر کام کی باقاعدہ نگرانی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں سڑکوں کی بحالی سے مقامی آبادی کو آمدورفت میں آسانی، تعلیمی و طبی سہولیات تک بہتر رسائی اور زرعی اجناس کی منڈیوں تک بروقت ترسیل میں سہولت میسر آئے گی۔ عوامی سہولت کے ان منصوبوں میں تعمیراتی معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے چک نمبر 361 گ ب میں مریم نواز ہیلتھ کلینک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے طبی سہولیات، انتظامی امور اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں