فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ایم ایس ایف کے رہنما کراسان خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ملک کو نئے صوبوں سے زیادہ گڈ گورننس، معاشی، عدالتی، زرعی اور انتخابی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔ صرف ریفرنڈم کرانے سے نئے صوبوں کا قیام ممکن نہیں ہے۔ حالا ت کی ستائی غریب عوام مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور انصاف کی عد م فراہمی جیسے مسائل سے پریشان ہیں ۔ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے خواہ مخواہ گرد اڑائی جا رہی ہے اور معلوم ہوتا ہے کہ یہ سارا شور شرابا پاکستانی عوام کے حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام ایک انتہائی حساس اور آئینی معاملہ ہے جس کے لیے آئین میں واضح طریقہ کار موجود ہے اور اس سے ہٹ کر کوئی بھی اقدام ملک میں نئے تنازعات کو جنم دے سکتا ہے۔




